مقبوضہ جموں و کشمیر

مقبوضہ جموں وکشمیر میں کل مکمل ہڑتال کی جائے گی

بھارتی پولیس نے بڈگام میں نوجوان کو شہید کر دیا
سرینگر 23 اپریل (کے ایم ایس) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں کل بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے دورے کے خلاف مکمل ہڑتال کی جائیگی جس کا مقصد علاقے پر غیر قانونی بھارتی تسلط کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرانا ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ہڑتال کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس نے دی ہے تاکہ بھارتی وزیر اعظم کو یہ واضح پیغام دیاجاسکے کہ کوئی بھی بھارتی حربہ کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبا نہیں سکتا اور وہ اپنے ناقابل تنسیخ حق، حق خود ارادیت کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کی اپیل پر آزاد جموںو کشمیر اور دنیا بھر کے اہم دارلحکومتوں میں تارکین وطن کشمیری مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری بھارتی جرائم کے خلاف مظاہرے کریں گے ۔مقبوضہ جموںوکشمیر کے مختلف علاقوں میں پوسٹر چسپاں کیے گئے ہیں جن کے ذریعے لوگوں سے کل مکمل ہڑتال کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔
دریں اثناء قابض بھارتی انتظامیہ نے نریندر مودی کے دورے سے قبل نام نہاد حفاظتی اقدامات کے نام پر مقبوضہ علاقے میں بڑی تعداد میں بھارتی فوجی اور پولیس اہلکارتعینات کر دیے ہیں۔فورسز اہلکارتمام بڑے شہروں اور قصبوں کے علاوہ سرینگر جموںشاہراہ پر گاڑیوں اور مسافروں کی مسلسل تلاشی لے رہے ہیں۔ فوجی اور پولیس اہلکار سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے لوگوں کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں جبکہ اونچی عمارتوں پرماہر نشانہ باز تعینات کیے گئے ہیں۔بھارتی پولیس نے سرینگر کے مختلف علاقوں سے بیسیوں موٹرسائیکلیںضبط کر لی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق نریندر مودی دورے کے دوران مختلف منصوبوں کا افتتاح کریں گے۔
ادھرضلع بڈگام کے علاقے کائوسہ میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ایک نوجوان محمد یوسف کانٹرو کی شہادت پراحتجاجی مظاہروں کے دوران بھارتی پولیس نے ایک17سالہ لڑکے کو دریا میں چھلانگ لگانے پرمجبورکردیا اوروہ ڈوب کر شہید ہوگیا۔ ضلع بڈگام کے رہائشی یوسف کانٹرو کو فوجیوں نے  دو دیگر نوجوانوں کے ہمراہ جمعرات کے روز ضلع بارہمولہ کے علاقے پارسونی میں محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیاتھا۔ پولیس نے مظاہرین کا پیچھا کیا اور ان میں سے ایک شبر حسین میر نے سکھ ناگ ندی میں چھلانگ لگا دی۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ علاقہ مکینوں نے کئی گھنٹوں کی تلاش کے بعد نوجوان کی لاش دریا سے نکال لی۔
دریں اثناء بھارت کی ریلوے پروٹیکشن فورس کا ایک افسرجو پیر کی شام ضلع پلوامہ کے علاقے کاکا پورہ میں ایک حملے میں زخمی ہوا تھا، آج سرینگر کے ایک اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
ممتاز امریکی رکن کانگریس اینڈی لیون نے کانگریس کی ورچوئل بریفنگ کے دوران مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔ ڈیموکریٹک پارٹی کے رکن کانگریس نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں انسانی حقوق کے مختلف گروپوں کی رپورٹس  اور مودی حکومت کی طرف سے مقبوضہ جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے بعد وہاں جاری پکڑ دھکڑ کا حوالہ دیتے ہوئے خبردار کیا کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کسی خلا ء میں نہیں ہو رہی اور یہ آمریت کی طرف بڑھتے ہوئے تشویشناک رجحان کا حصہ ہیں۔ بریفنگ کا اہتمام انڈین امریکن مسلم کونسل اور انسانی حقوق اور سول سوسائٹی کے 16دیگر گروپوں نے کیا تھا۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button