مقبوضہ جموں وکشمیر:عیدگاہ سرینگر کی طرف مارچ کوروکنے کے لئے آج مسلسل پانچویں روز بھی کرفیو
سرینگر06 ستمبر (کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں شہدائے کشمیر کی فاتحہ خوانی کے لئے عیدگاہ سرینگر کی طرف مارچ کوروکنے کے لئے آج مسلسل پانچویں روز بھی سخت کرفیو نافذ ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مارچ کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس نے دی ہے جو بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی کی دوران حراست شہادت کے خلاف پانچ روزہ احتجاجی پروگرام کا حصہ ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس نے بیرون ملک مقیم کشمیریوں سے بھی کہا ہے کہ وہ مودی کی فسطائی حکومت کی طرف سے کشمیریوں کو سید علی گیلانی کی آخری رسومات ادا کرنے کی اجازت نہ دینے کے خلاف اپنا احتجاج درج کرانے کے لئے دنیا کے بڑے بڑے دارالحکومتوں میں بھارتی سفارت خانوں کے سامنے احتجاجی مظاہرے کریں۔وادی کشمیر میں ہزاروں بھارتی فوجی تعینات ہیں جبکہ حیدرپورہ کی طرف جانے والی تمام سڑکوں کو خاردار تاروں سے بند کر دیا گیاہے اور موبائل انٹرنیٹ سروسزمسلسل معطل ہیں۔