کشمیریوں کو بندوق کی نوک پر خاموش کرایا جا رہا ہے، محبوبہ مفتی
سرینگر 25اگست (کے ایم ایس )
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ کشمیریوں کو بندوق کی نوک پر خاموش کرایا جا رہا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے یہ بات سرینگر میں پیپلز الائنس فار گپکر ڈیکلریشن (پی اے جی ڈی) کے اجلاس میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری ششدر و پریشان ہیں ،وہ اپنا اظہار نہیں کر سکتے اور جو لوگ سچائی بیان کرتے ہیں کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ انکا منتظر ہوتاہے۔
محبو بہ مفتی نے کہا کہ صحافیوں کو ہراساں اور گرفتار کیا جا رہا ہے ، انہیں پاسپورٹ فراہم نہیں کیا جارہا۔ محبوبہ مفتی نے کہا کہ مقبوضہ جموںوکشمیر کے شمالی ضلع بانڈی پورہ میں بھارتی فوج کی گاڑی نے ایک بوڑھی عورت کچل دیا اور جس شخص نے اس دلخراش واقعے کی ویڈیو بنائی اس پر کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا جوظلم کی انتہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری اس وقت بہت زیادہ دباو¿ میں ہیں جس سے آپسی اتحاد و اتفاق سے ہی چھٹکارا پایا جا سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کسی کے نظریے کو بندوق کی نوک پر یا لاٹھی کے استعمال سے تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ کچھ عناصر پیپلز الائنس فار گپکر ڈیکلریشن کے خلاف مہم چلا رہے ہیں اور الائنس کی صفوں میں الجھن اور غلط فہمی پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم ہمیں ثابت قدم اور محتاط رہنا ہوگا۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ دفعہ 370 نے ہماری زمین اور نوکریوں کو محفوظ بنایا تھا لیکن اب بیرونی لوگ چھاپے مار رہے ہیں اور ہم دیکھ سکتے ہیں کہ بیرونی لوگوں نے جموںوکشمیر میں کس طرح ریت نکالنے کے معاہدوں کو کنٹرول کیا ہے، کس طرح این ایچ پی سی (نیشنل ہائیڈرو پاور کمپنی) نے کشمیریوں کے وسائل اور بجلی کے منصوبوں کو لوٹا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک دن بھارتی وزیراعظم کہتے ہیں کہ انہیں کشمیر میں لوگوں کے دل جیتنے ہیںجبکہ دوسرے دن ان کے لیفٹیننٹ گورنرکشمیریوں کو دھمکیاں دیتے ہیں۔