مقبوضہ جموں و کشمیر

افغانستان کے حوالے سے بھارتی ذرائع ابلاغ کاپاکستان کے خلاف مذموم پروپیگنڈہ

 

نئی دہلی 07ستمبر (کے ایم ایس) انڈیا ٹوڈے ٹی وی،ریپبلک ٹی وی،ٹائمز نو، نوبھارت اورزی نیوز سمیت کئی بھارتی نیوز چینلزنے پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کے دوران آج ایک ویڈیو گیم کی فوٹیج چلاتے ہوئے اسے افغانستان کی وادی پنجشیر میںطالبان کے لئے پاکستان کی حمایت کے طورپر پیش کیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ریپبلک ٹی وی نے ہستی ٹی وی پر چلنے والی ایک ویڈیو چلائی اور دعویٰ کیا کہ پاک فضائیہ نے وادی پنجشیر پر حملہ کرکے مزاحمتی فورس کے ترجمان کو قتل کیا ہے۔ریپبلک ٹی وی کی ویڈیو کو دیکھتے ہوئے دیگر ہندی چینلز نے بھی جن میں ٹائمز نو ،نوبھارت اور زی ہندوستان شامل ہیں اسی ویڈیو کو چلایا اور دعویٰ کیا کہ ویڈیو میں وادی پنجشیر میں پاکستان کے فضائی حملے اور بمباری دکھائی جارہی ہے۔ حقائق کا پتہ لگانے والی ویب سائٹ” Boom“کے مطابق فوٹیج سب سے پہلے ہستی ٹی وی نے چلائی جوبرطانیہ میں افغانستان کی ٹی وی چینل ہونے کا دعویٰ کرتی ہے۔ اس نے ویڈیو کے ساتھ یہ کیپشن چلایا کہ یہ ویڈیو ہمیں ابھی ابھی پنجشیر سے موصول ہوئی ہے جس میں پاک فضائیہ کا طیارہ وادی پنجشیر کے اوپر سے پرواز کررہا ہے تاہم سرکاری ذرائع نے ابھی تک اس کی تصدیق نہیں کی ہے۔ بوم کے مطابق یہ ویڈیواصل میں ایک ویڈیو گیم ARMA 3 سے لی گئی ہے۔
اسی دوران انڈیا ٹوڈے نے ویلز میں پروازکرتے ہوئے ایک امریکی ایف 15 طیارے کی ایک پرانی ویڈیو چلائی اور اسے وادی پنجشیر میں ایک پاکستانی جنگی جہاز کی پرواز کے مناظر قراردیا۔اینکر نے تو حد ہی کردی اور دعویٰ کیا کہ یہ افغانستان پر پاکستانی حملے کا ثبوت ہے۔ بھارتی چینلز کے جھوٹ کا بھانڈا برطانیہ سمیت دنیا بھر میں دفاعی معاملات پر خبریں شائع کرنے والے ایک ڈیفنس جریدے نے پھوڑ دیا۔ انڈیا ٹوڈے نے ایک پرانی تصویر بھی چلائی جس میں امریکہ کے علاقے اریزونا میں ایک امریکی ایف -16لڑاکا طیارہ معمول کی تربیتی مشق کے دوران گرکر تباہ ہواتھا اور دعویٰ کیا کہ یہ تصویر وادی پنجشیر میں مزاحمتی فورسز کی طرف سے ایک پاکستانی لڑاکا جیٹ کو مارگرانے کی ہے۔ چینل نے کہا کہ یہ تصویر افغانستان کے قومی مزاحمتی فورس کے رہنما احمد مسعود نے ٹویٹ کی ہے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button