حد بندی کمیشن کی رپورٹ کے خلاف جموں میں احتجاجی ریلی
جموں 21مارچ (کے ایم ایس)حد بندی کمیشن کی رپورٹ کے خلاف پنچایتی راج اداروں کے منتخب اراکین اورسیاسی و سماجی تنظیموں کے رہنمائوں نے جموں کے علاقے اکھنور میں ایک زبردست احتجاجی ریلی نکالی ۔
رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ مائرہ مندریاں اور چوکی چورہ تحصیلیں کھور اسمبلی حلقے کا حصہ ہوں گی۔دونوں تحصیلوں کے لوگ اپنے 18 سرپنچوں اور 100 سے زیادہ پنچوں کی قیادت میں نئے پل اکھنور کے قریب جمع ہوئے جہاں انہوں نے جموں پونچھ ہائی وے کو بلاک کر دیا اور دو گھنٹے تک گاڑیوں کی آمدورفت میں خلل ڈالا۔ لوگ حد بندی کمیشن کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔اس موقع پر بات کرتے ہوئے بی ڈی سی کے رکن راہول دیو شرما نے رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ حد بندی کمیشن نے زمینی صورتحال کو جانے بغیررپورٹ مرتب کیا ہے۔مجوزہ رپورٹ پر تنقید کرتے ہوئے سرپنچ روہت شرما نے کہا کہ یہ اقدام امتیازی ہے۔ انہوں نے دونوں تحصیلوں کو حتمی رپورٹ میں اکھنور حلقے کے ساتھ بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا کہ ٹوپوگرافی، روابط اور فاصلے کی بنیاد پر تحصیل مائرہ مندریاں اور چوکی چورہ آزادی کے بعد سے اکھنور اسمبلی حلقے کا حصہ ہیں اور ان دونوں تحصیلوں کو کھور اسمبلی حلقے میں ضم کرنے کو کسی صورت میں درست نہیں کہا جا سکتا۔نائب سرپنچ کیول کرشن نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان دونوں تحصیلوں کا کھور میں انضمام قابل قبول نہیں ہے۔سرپنچ اجیت شرما اور ترلوچن دت نے انتظامیہ کو خبردارکیا کہ وہ ان کے مطالبات کو جلد از جلد پورا کرے بصورت دیگر ان کا احتجاج مزید شدت اختیار کر جائے گا۔