کرناٹک : مسلمان تاجروں کا مکمل بائیکاٹ کیا جا رہا ہے
کرناٹک 26 مارچ (کے ایم ایس)بھارتی ریاست کرناٹک میں مسلمان طالبات کے حجاب پر پابندی کے بعد اب بڑے پیمانے پر مسلمانوں کا تجارتی بائیکاٹ شروع کر دیاگیا ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کرناٹک کے ہندو میلوں اور یاتراﺅں میں مسلمانوں کو دکانیں کھولنے سے روکا جا رہا ہے جبکہ ریاست کے تقریباً تمام شہروں اور دیہات میں مندروں کے احاطے ، ان آس پاس کے علاقے اورہندو اداروں میں مسلمانوں کو تجارتی سرگرمیوں سے منع کیا جا رہا ہے۔ ممبئی سے شائع ہونے والے اخبار ”اردو ٹائمز“ کی ایک رپورٹ میں کہا گیا کہ شہروں اور دیہات میں بڑے بڑے بینر اور پوسٹر لگا دیے گئے ہیں کہ یہاں مسلمان تجارت نہیں کر سکتے اور مسلمانوں کو دکانیں خالی کرنی ہونگی جسکی وجہ سے ہزاروں مسلمانوں کی تجارت بند ہونے کے قریب پہنچی ہے ۔ اخبار کے مطابق ریاستی اسمبلی میںبھی بی جے پی حکومت نے اعلان کر دیا کہ مسلمانوں تاجروں کو تجارت کی اجازت نہیںجس کے بعد تمام اہم بازاروں میں مسلمانوں کو دکانیں خالی کرنے کی وارنگ دی جا رہی ہے ۔