2017 سے اب تک بھارتی حکومت کے 6سو سے زائد سوشل میڈیا اکاونٹس ہیک کیے گئے
نئی دہلی 06 اپریل (کے ایم ایس) اطلاعات و نشریات کے بھارتی وزیر انوراگ ٹھاکر نے پارلیمنٹ کے ایوان زیرین لوک سبھا میں بتایا کہ گزشتہ پانچ برسوں میں بھارتی حکومت کے 600 سے زیادہ سوشل میڈیا اکاونٹس کو ہیک کیا گیا۔
حکومت کے ٹویٹر ہینڈلز اور ای میل اکاونٹس کی ہیکنگ سے متعلق سوال کے جواب میں وزیر نے کہا کہ 2017 سے اب تک ایسے 641 اکاو¿نٹس ہیک کیے جا چکے ہیں۔انہوں نے تحریری جواب میں کہا کہ 2017 میں مجموعی طور پر 175، 2018 میں 114، 2019 میں 61، 2020 میں 77، 2021 میں 186 اور رواں برس اب تک 28 اکاو¿نٹس ہیک کیے گئے۔ٹھاکر نے کہا کہ یہ معلومات بھارتی کمپیوٹر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے الیکٹرانکس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارت کو فراہم کی ہیں۔مستقبل میں اس طرح کی دخل اندازیوں کو روکنے کے لیے حکومت کی طرف سے اٹھائے جانے والے اقدامات سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئےوزیر نے کہا کہ سائبر سیکورٹی کو بڑھانے کے لیے کمپیوٹر ایمرجنسی رسپانس قائم کیا گیا ہے جو ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کے محفوظ استعمال کو یقینی بنانے کے لیے مستقل بنیادوں پر تازہ ترین سائبر خطرات اور انسدادی اقدامات کے بارے میں الرٹس اور مشورے جاری کرتا ہے۔