بھارت : کسانوں اور سکھوں کے خلاف جعلی سوشل میڈیا اکاونٹس کا استعمال
نئی دہلی 26نومبر ( کے ایم ایس ) بھارت میں مودی سرکار کے متنازع زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کرنے والے کاشت کاروں کو خالصتان تحریک سے جوڑکر باغی قرار دینے کی کوشش کے سلسلے میں سوشل میڈیا کے استعمال کا انکشاف ہوا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سینٹر فار انفارمیشن ریزیلنس نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا کہ سوشل میڈیا پر سکھوں کے جعلی اکاونٹ بنائے گئے جس کا مقصد سکھوں کی آزادی کی مہم کو کچلنے کے لیے ان کے بیانیے میں پھوٹ ڈالنا تھا۔ اب تک80 ایسے اکاﺅنٹ سامنے آئے ہیں جن کے ذریعے سکھوں کے حقوق کو متاثر کرنے کی کوشش کی گئی اور ہندو قوم پرست نظریہ پھیلایا گیا۔جعلی اکاونٹس پر معروف سکھ شخصیات کی تصاویر کا استعمال کیا گیا۔ تمام جعلی اکاونٹ ٹوئٹر، فیس بک اور انسٹا گرام پر بنائے گئے تھے۔ خبر رساں ادارے ساﺅتھ ایشن وائر کی ایک خبر میں کہا گیا ہے کہ سینٹر فار انفارمیشن ریزیلنس کی رپورٹ کے مصنف بنجمن اسٹریک کا کہنا ہے کہ اس نیٹ ورک کا مقصد بظاہرسکھوں کی آزادی، انسانی حقوق اور اقدار جیسے اہم مسائل پر گمراہی پھیلانا تھا۔ جعلی اکاﺅنٹس میں سکھوں کے نام استعمال کیے گئے جب کہ وہ انتہا پسند ہندو تھے۔