پاکستان کا مقبوضہ فلسطین اور کشمیر ی عوام کی معاشی مدد پر زور
اقوام متحدہ26اپریل(کے ایم ایس)پاکستان نے جنگی صورتحال، کورونا وبا کی تباہی اور موسمیاتی تبدیلی کے پیش نظر فلسطین اور جموں و کشمیر جیسے غیر ملکی قبضے میں رہنے والے لوگوںکے لیے فراخدلانہ سیاسی اور اقتصادی ا مداد پر زوردیاہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے اقوام متحدہ کے کمیشن برائے آبادی اور ترقی کو بتایا کہ ترقی پذیر ممالک کے لیے خاص طور پر بحرانوں اور جنگی حالات میں پہلی ترجیح غربت میں کمی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آبادی کی حکمت عملی بالخصوص صحت اور سماجی مسائل سے نمٹنے کی اہمیت کو تسلیم کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ ساتھ مقبوضہ فلسطین اور جموں و کشمیر کے لوگوں کے لیے ہنگامی بنیادوں پر انسانی اور اقتصادی مدد ضروری ہے۔پاکستانی مندوب نے آبادی کی حرکیات کو سمجھنے کی ضرورت پر زور دیا کیونکہ دنیا بھر کے معاشرے 2030کے پائیدار ترقی کے اہداف کو حاصل کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔ ایک تعلیم یافتہ، ہنر مند، صحت مند اور بااختیار آبادی ترقی کی کلیدی محرک ہے۔