کشمیری اپنے اتحادسے مودی حکومت کے مذموم عزائم کو ناکام بنائیں گے: نعیم خان
بھارت مسلمانوں کی نسل کشی کے لیے کمر بستہ ہے:ماہرین کا انتباہ
نئی دہلی 30اپریل (کے ایم ایس)غیر قانونی طورپرنظربند کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما نعیم احمد خان نے نریندر مودی کی زیر قیادت بھارتیہ جنتا پارٹی حکومت کی طرف سے کشمیر پر سیاسی اور ثقافتی یلغار کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری اپنے اتحاد واتفاق سے نسل پرست حکومت کے مذموم عزائم کو ناکام بنا ئیں گے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق نعیم احمد خان نے نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے ایک پیغام میں کہا کہ کشمیر کے بارے میں بی جے پی کی معاندانہ پالیسی اس کے نسلی تعصب، اسلام دشمنی اور بھارت کو ہندو راشٹرا میں تبدیل کرنے کے عزائم پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعتہ الوداع کی نماز کے انعقاد پر پابندی اور لوگوں کو مساجد میں شب قدرپر عبادت سے روکنا بی جے پی کے تعصب اور اسلام کیساتھ امتیازی سلوک کا واضح مظہر ہے۔ حریت رہنما نے کہا کہ مساجد کو بند کرنے اور مسلمانوں کو مذہبی اجتماعات میں شرکت سے روکنے کی پالیسی اسی طرز عمل کی عکاسی کرتی ہے جو اسرائیل فلسطین میں مسلمانوں کے خلاف اختیار کر رہا ہے اور مودی کشمیر کو فلسطین جیسا بنانے پر تلا ہوا ہے۔
دریں اثناء بجلی کے بڑھتے ہوئے بحران کو حل کرنے میں قابض حکام کی ناکامی کے خلاف جموں، ادھم پور، اکھنور اور مقبوضہ جموں وکشمیر کے دیگر علاقوں میں لوگوں نے احتجاجی مظاہرے جاری رکھے۔ بھارتی پولیس نے متعدد مظاہرین کو اس وقت گرفتار کر لیا جب انہوں نے جموں میں لیفٹیننٹ گورنر کی سرکاری رہائش گاہ کی طرف مارچ کی کوشش کی۔
ضلع گاندربل میں کنگن کے علاقے سنبل بالا گنڈ میں آج بھارتی فوج کی ایک گاڑی الٹنے سے ایک بھارتی فوجی ہلاک اور دو زخمی ہو گئے۔
ادھر ”ورلڈ ود آئوٹ جینو سائڈ” کی بانی اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ایلن کینیڈی نے واشنگٹن میں کانگریس کی بریفنگ کے دوران خبردار کیاہے کہ بھارتی حکومت ریاستی سرپرستی میں امتیازی پالیسیوں اور کارروائیوں کے ذریعے ہولوکاسٹ کے طرز پرمسلمانوں کی نسل کشی کی تیاری کر رہی ہے۔ انہوں نے مسلمانوں کو جبری طورپر بے وطن کرنے کی بھارتی حکومت کی پالیسیوں اور نازی جرمنی کے نیورمبرگ قوانین میں مماثلت کی طرف توجہ مبذول کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں سرکاری حمایت سے ہندو انتہا پسندی کی بڑھتی ہوئی تحریک سے مسلمانوں کے خلاف نفرت پیدا کی گئی اورمسلمانوں کے خلاف تشدد کو کوئی پوچھنے والا نہیںہے۔
بھارتی نژاد سنگاپورکی ناول نگار بالی کور جسوال نے ایک انسٹاگرام پوسٹ میں کہا کہ انہوں نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے ممتاز سکھ شخصیات کو ملاقات کے لیے دی گئی دعوت کو مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کا مسلم دشمن بیانیہ اور اقدامات ان کی ذاتی اقدار اور سکھ عقیدے کے منافی ہیں۔