یورپی ملکوں کی حکومتیں مودی کے ساتھ ملاقات میں مقبوضہ کشمیر میں جنگی جرائم کا معاملہ اٹھائیں، کیانی
لندن 01 مئی (کے ایم ایس) تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر فہیم کیانی نے کہا ہے کہ فسطائی نریندر مودی کا پیر سے یورپی ممالک کا دورہ ان ملکوں کے لیے ایک مناسب وقت ہے کہ وہ بھارتی وزیراعظم سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جنگی جرائم کے بارے میں سوال کریں۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق فہیم کیانی نے لندن میں جاری ایک بیان میں کہا کہ مذکور ہ ملکوں کو نریندر مودی کو ایسے وقت میں مدعو کرنے سے گریز کرنا چاہیے تھا جب قابض بھارتی فورسز کشمیریوں پر ظلم کر رہی ہیں تاہم ان یورپی ملکوں کی قیادت کے لیے یہ موقع ہے کہ وہ مودی سے سخت سوالات کریں۔نریندرمودی 2 سے 4 مئی تک جرمنی، ڈنمارک اور فرانس کے سرکاری دورے پر ہوں گے۔کیانی نے کہا کہ یہ یہ یوپی ملک جو انسانی حقوق کی بات کرتے نہیں تھکتے ہمت کا مظاہرہ کریں اور مودی سے پوچھیں کہ بھارت جموںوکشمیر میں اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق رائے شماری کرانے سے کیوں گریزاں ہے۔انہوں نے کہا کہ ان ملکوں کی حکومتوں کو چاہیے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں فوجی آپریشن کے خاتمے، تمام نظر بندوں کی رہائی اور خطے میں رائے شماری کیلئے مودی پر دباﺅ ڈالیں ۔