پروفیسر بٹ کا پاکستان، بھارت کے درمیان نتیجہ خیز مذاکراتی عمل کے ذریعے مسئلہ کشمیر کے حل پر زور
سرینگر 12 مئی (کے ایم ایس) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما پروفیسر عبدالغنی بٹ نے جنوبی ایشیا میں امن اور خوشحالی کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک مقررہ وقت میں نتیجہ خیز مذاکراتی عمل کے ذریعے تنازعہ کشمیر کے حل پر زور دیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پروفیسر بٹ نے او پی شاہ کی قیادت میں بھارتی سول سوسائٹی کے وفد سے سرینگر میں اپنے دفتر میں گفتگو کرتے ہوئے بھارتی صحافتی برادری اور سول سوسائٹی پر زور دیا کہ وہ تمام تنازعات بالخصوص مسئلہ کشمیر کے پاکستان کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے حل کے لیے بھارتی حکومت پر دباو¿ ڈالیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک جموں و کشمیر کا مسئلہ کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل نہیں ہوتا اس وقت تک خطے میں امن اور خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔
پروفیسر بٹ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں کو قریب آنے اور دوستانہ تعلقات استوار کرنے کی ضرورت ہے اور اس کے لیے انہیں مسئلہ کشمیر کو ہمیشہ کے لیے حل کرنا ہوگا۔