پاکستان کا مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کو بے نقاب کرنے کے عزم کا اعادہ
اقوام متحدہ 21 مئی (کے ایم ایس) پاکستان نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے لوگوں پر بھارتی ظلم و ستم اور مقبوضہ علاقے میں اسکی ریاستی دہشت کو بے نقاب کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
قوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے فوڈ سیکیورٹی سے متعلق وزارتی سطح کے اجلاس سے وزیرخارجہ بلاول بھٹوزرداری کے خطاب پر بھارتی مندوب کے تبصرے پر ردعمل میں اپنا جوابی حق استعمال کرتے ہوئے پاکستان کے مندوب عمران خان نے بھارت کے اس دعوے کو مسترد کردیا کہ جموں و کشمیر اس کا اٹوٹ حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر بھارت کا حصہ نہیں ہے اور نہ کبھی رہا ہے اور اقوام متحدہ کا کوئی بھی سرکاری نقشہ اس بات کی تصدیق کرسکتا ہے کہ یہ ایک متنازعہ علاقہ ہے۔پاکستانی مندوب نے کہا کہ بھارت نے جموں و کشمیر پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کو تسلیم کر رکھا ہے لیکن ان پر عمل درآمد ہونا باقی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کا سات دہائیوں سے زائد عرصے سے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد سے انکار اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے۔