مقبوضہ جموں و کشمیر

نریندر مودی ہندوتوا کے انتہا پسندانہ نظریے پر عمل پیرا ہے، سردار تنویر الیاس

میر پور04 اگست (کے ایم ایس)
آزاد جموں وکشمیر کے وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی ہندوتوا کے انتہا پسندانہ نظریے پر عمل پیرا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سردار تنویر الیاس خان نے یوم استحصال کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کے تناظر میں 5 اگست وہ سیاہ دن ہے جب بھارت کی قابض اور غاصب حکومت نے مقبوضہ کشمیر کی ریاست کے عوام کی خواہشات کے برخلاف اپنے آئین کی دفعات370اور 35اے کومنسوخ کر کے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے جموں و کشمیر کو بھارت کی یونین ٹیریٹری بنا دیاتھا۔انہوں نے کہا کہ 5اگست2019 کو بھارت نے جو غیر قانونی اقدامات کئے اور جس کا اطلاق انہوں نے اس کے بعد کیا وہ بنیادی طور پر کشمیریوں سے ان کی شناخت، ان کی زبان، ان کی تہذیب، ان کا رہن سہن چھیننے کا ایک مذموم منصوبہ ہے۔تنویر الیاس خان نے کہا کہ ریاست جموں وکشمیر کے اندر بسنے والے مسلمان،ہندو، سکھ اور بدھ مت سبھی اقوام اس سازش سے آگاہ ہیں کہ کس طرح سے ان کی زمینوں پر قبضہ اور انہیں اپنے ہی ملک کے اندر دوسرے درجے کا شہری بنانا مقصود ہے۔وزیر اعظم آزاد جموں وکشمیر نے مزید کہا کہ بھارتی وزیراعظم مودی ہندوتوا کے انتہا پسندانہ نظریے پر عمل پیرا ہیں، ان کے اس اقدام سے خطے میں امن کی کوششوں کو نقصان پہنچا ہے اور بدامنی کو ہوا ملی ہے۔ خطے کے اوپر جنگ کے بادل منڈلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ میں اقوام عالم خصوصا سلامتی کونسل کے پانچوں مستقل ارکان سے اپیل کرتاہو ں وہ مداخلت کریں اور ہندوستان کو روکیں۔ انہوں نے کہاکہ دفعہ 35Aکے تحت 1927کے قانونIL84کے ذریعے کشمیریوں کو ان کی شناخت دی گئی تھی اس کی بحالی کے لیے کشمیریوں کواس وقت تک جدوجہد جاری رکھنی چاہیے جب تک کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت ان کا حق خودارادیت نہیں مل جاتاجس کے تحت کشمیری اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی حکومت اور کشمیر ی ہر حال میں اپنا موثر کردار جاری رکھیں گے اور ہر سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرتے رہیں گے ۔ سردار تنویر الیاس خان نے کشمیری شہدا کو شاندار خراج عقیدت پیش کیاجن کی قربانیوں کی بدولت مسئلہ کشمیر زندہ ہے ،انشااللہ ان قربانیوں کے صدقے کشمیری قوم بھارت سے آزادی لیکر رہے گی۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button