مسلم دنیایاسین ملک کی رہائی کے لئے ٹھوس اقدامات کرے: مشعال ملک
اسلام آباد 28مئی (کے ایم ایس) جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین اورکشمیری حریت رہنما محمد یاسین ملک کی اہلیہ مشعال حسین ملک نے مطالبہ کیا ہے کہ مسلم دنیا یاسین ملک کی عمر قید کی سزا پر محض مذمت اور تحفظات کا اظہار نہ کرے بلکہ ٹھوس اقدامات کرکے ان کی فوری رہائی کو یقینی بنائے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مشعال ملک نے اسلام آباد میں سابق گورنر پنجاب چوہدری سرور کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یاسین کو جعلی اور فرضی مقدمات میں عمر قید کی سزا سنائی گئی۔ انہوں نے عالمی برادری پر بالعموم اور مسلم دنیا پر بالخصوص زور دیا کہ وہ ان کی بحفاظت رہائی کو یقینی بنانے کے لیے عملی اور ٹھوس اقدامات کرے۔مشعال ملک نے جو پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن کی چیئرپرسن بھی ہیں، اقوام متحدہ کے اداروں اور عالمی طاقتوں پر زور دیا کہ وہ حق خودارادیت کے حصول کے لیے کشمیریوں کی جائز جدوجہد کو دہشت گردی کے ساتھ جوڑنے کی بھارتی کوششوں کا نوٹس لیں۔انہوں نے کہا کہ یاسین ملک کا واحد جرم بھارتی غلامی کے خلاف جدوجہد کرنا اور فسطائی نریندر مودی کی حکومت کے سامنے ہتھیار ڈالنے سے انکار کرنا ہے۔انہوںنے کہا کہ یاسین کشمیریوں کی مزاحمت کی علامت اور تحریک آزادی کی سب سے طاقتور آواز ہیں۔ اس لیے قابض حکام نے انہیں تحریک آزادی سے دور رکھنے کے لیے جھوٹے مقدمات میں پھنسادیا۔انہوں نے کہا کہ میں اپنے شوہر اور بھارتی جیلوں میں نظر بند تمام کشمیری سیاسی قیدیوں کی غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کرتی ہوں۔ مشعال ملک نے افسوس کا اظہار کیا کہ ہندوتوا حکومت نے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں جاری آزادی کی تحریک کے شعلوں کو بجھانے کے لیے یکے بعد دیگرے حریت رہنمائوں کو خاموش کرانے کے لیے وحشیانہ ہتھکنڈے استعمال کئے۔انہوں نے کہا بدقسمتی سے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں نے نہتے کشمیریوںکو پھانسی، عدالتی قتل اور ماورائے عدالت قتل سے بچانے کے لیے کبھی سنجیدہ کوششیں نہیں کیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت حق خودارادیت کے حصول کے لئے کشمیریوں کی جدوجہد کو دبانے کی کوشش کر رہا ہے لیکن وہ اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو گا۔