مقبوضہ جموں و کشمیر

مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم کے بارے میں پاکستان کے ڈوزیئر کا خیرمقدم

سرینگر16 ستمبر (کے ایم ایس )
بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر میں کشمیری حریت رہنمائوں نے مقبوضہ علاقے میں بھارت کے جنگی جرائم اور ظلم و بربریت کو بے نقاب کرنے کیلئے حکومت پاکستان کی طرف سے جاری کئے گئے ڈوزیئر کا خیرمقدم کیا ہے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کی اکائی کشمیر فریڈم فرنٹ نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوجیوں کی طر ف سے جاری جنگی جرائم کو بے نقاب کیا ہے اور اس ڈوزیئر سے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کی عکاسی ہوتی ہے ۔بیان میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی طرف سے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے اس اپیل کا بھی خیرمقدم کیا جس میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کو مقبوضہ جموںو کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی آزادانہ تحقیقات کیلئے مقبوضہ علاقے تک رسائی دینے کی غرض سے بھارت پر دبائو بڑھانے کیلئے کہاگیاہے۔اسلامک پولیٹیکل پارٹی کے چیئرمین محمد یوسف نقاش نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان نے کشمیرمیں بھارت کے جنگی جرائم کے بارے میں ڈوزیئر اقوام متحدہ میں پیش کر کے واضح پیغام دیا ہے کہ وہ کشمیریوں کی اپنے حق خودارادیت کے حصول کی منصفانہ جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی مسلسل سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے ہوئے جس پر کشمیری اسکے شکر گزار ہیں۔ یوسف نقاش نے کہا کہ پاکستان کی مخلصانہ کوششوں نے بھارت کابھیانک چہرہ اور مقبوضہ علاقے میں اس کے جرائم کو دنیا بھرکے سامنے بے نقاب کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب یہ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ بھارت کو کشمیریوں کو انکا حق خودارادیت دینے پر مجبور کرے ۔
ادھر میر واعظ عمر فاروق کی سرپرستی میں قائم حریت فورم کی آزاد کشمیر شاخ کے کنوینر سید فیض نقشبندی اور جموں وکشمیر سالویشن موومنٹ کے چیئرمین طفیل الطاف بٹ نے بھی اسلام آباد سے جاری اپنے بیانات میں حکومت پاکستان کی طرف سے ڈوزیئر کے اجرا کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاہے کہ اس میں مقبوضہ کشمیرکی سنگین صورتحال کی حقیقی اور حقائق پر مبنی عکاسی کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں جعلی مقابلوںمیں ماورائے عدالت قتل اوردوران حراست گمشدگیاں رو ز کا معمول بن چکی ہیںجبکہ بھارتی فوجیوں کی طرف سے شہریوں کی املاک کو کیمیائی مواد سے تباہ کیاجارہا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر کی زمینی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے اپنا فیکٹ فائنڈنگ مشن مقبوضہ علاقے بھیجیں۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button