بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں کشمیریوں کے قتل عام کی شدید مذمت
جموں 14 جون (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میںکل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما ایڈووکیٹ دویندر سنگھ بہل نے مقبوضہ علاقے میں بھارتی قابض فوجیوں کے ہاتھوں کشمیری نوجوانوں کے قتل عام پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے ۔
دویندر سنگھ بہل نے جموں سے جاری ایک بیان میں کہاکہ بھارت نہتے کشمیری نوجوانوں کے قتل عام اور دیگر ظالمانہ ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیریوں کی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو دبانے کی ناکام کوشش کر رہاہے ۔انہوں نے کہاکہ بھارت نے اپنے فوجیوں کومقبوضہ علاقے میں کشمیریوں کی نسل کشی کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے ۔انہوں نے عالمی برادری پرزور دیا کہ وہ بھارتی فوجیوں کی مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی پامالیاں اور نہتے کشمیریوں کا قتل عام رکوانے کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائے ۔ حریت رہنما نے کہا کہ جب تک مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل نہیں کیاجاتاجنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے بھارت اور پاکستان پر زور دیا کہ وہ دیرینہ مسئلہ کشمیرکے پائیدار حل کیلئے مذاکراتی عمل شروع کریں ۔