بھارتی ناظم الامور کو وزارت خارجہ طلب کرکے یاسین ملک کی گرتی ہوئی صحت پر سخت احتجاج ریکارڈ کرایاگیا
اسلام آباد 29 جولائی (کے ایم ایس)
اسلام آباد میں بھارتی ناظم الامورکو آج وزارت خارجہ میں طلب کرکے کشمیری حریت رہنما محمد یاسین ملک کی تیزی سے گرتی ہوئی صحت پر سخت احتجاج ریکارڈ کرایاگیاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی ناظم الامور کو وزارت خارجہ طلب کر کے جیل میں یاسین ملک کی گرتی ہوئی صحت پر تشویش کا اظہار کیاگیا اور یاسین ملک کی اہلیہ مشعل حسین ملک کی طرف سے بھارتی وزیر اعظم کے نام ایک مراسلہ بھی انکے حوالے کیاگیا جس میں ان کے شوہر کی بگڑتی ہوئی صحت کے پیش نظر جیل سے فوری رہائی کا مطالبہ کیا گیا تھا ۔گزشتہ جمعہ کو یاسین ملک نے منصفانہ عدالتی ٹرائل کے حق سے محروم رکھنے کے خلاف نئی دلی کی تہاڑجیل میں بھوک ہڑتال شروع کی تھی جس کے بعد انکی سے طبیعت بگڑ گئی تھی ۔ بھارتی سفارتکار کو یاسین ملک کو کم از کم تین دہائیوں پرانے درج کئے گئے مزیددو جھوٹے مقدمات میں ملوث کرنے کے بھارتی حکام کے تازہ اقدام پر پاکستان کی شدید تشویش سے بھی آگاہ کیاگیا ۔باربار کی اپیلوں کے باوجود یاسین ملک کو انکے خلاف درج جھوٹے مقدمات کی عدالتی سماعت کے دوران ذاتی طورپرعدالت میں پیشی اورمنصفانہ ٹرائل کے قانونی حق سے محروم رکھا گیا ہے۔یاسین ملک نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں عمر قید کی سزا کاٹ رہے ہیں ۔انہیں یہ سزا این آئی اے کی خصوصی عدالت نے انصاف کا قتل کرتے ہوئے ایک جھوٹے مقدمے میں سنائی تھی۔ یاسین ملک نے منصفانہ ٹرائل اور عدالت میں پیش ہونے کے قانونی حق سے محروم رکھے جانے کے خلاف 22جولائی کو جیل میںبھوک ہڑتال شروع کی تھی ۔
واضح رہے کہ طویل عرصے سے جاری غیر قانونی نظربندی ، جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات میں ملوث کئے جانے، بھارتی قابض فورسز کے ہاتھوں غیر انسانی تشدد اور بدترین سیاسی انتقامی کاررروائیوں نے پہلے ہی محمد یاسین ملک کی ذہنی اور جسمانی صحت کو بری طرح متاثر کیا ہے ۔ جیل میں بھوک ہڑتال کی وجہ سے یاسین ملک کی طبیعت بگڑ نے پر انہیں ہسپتال منتقل کیاگیا ہے اور ان کی جان کو شدید خطرہ لاحق ہونے کی وجہ سے انہیں مصنوعی طریقے سے خوراک دی جارہی ہے ۔ صورتحال کی سنگینی اور یاسین ملک کی تیزی سے بگڑتی ہوئی صحت کے پیش نظر بھارتی حکومت پر زور دیا گیا ہے کہ وہ حریت رہنماء کو فوری طبی امداد فراہم کرے، جھوٹے مقدمے میں ان کی سزا کو منسوخ کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر جیل سے رہا اور ان کے خلاف درج دیگر تمام جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات واپس لے ۔