آزاد جموں و کشمیر کے صدر کی یورپی یونین سے کشمیر پر خصوصی ایلچی مقرر کرنے کی اپیل
برسلز 15 جون (کے ایم ایس) آزاد جموں و کشمیر کے صدربیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے یورپی یونین سے اپیل کی ہے کہ وہ کشمیر پر خصوصی ایلچی مقرر کرے تاکہ وہ مقبوضہ جموو کشمیر کی صورتحال کا جائزہ لے کر اپنی رپورٹ یورپی پارلیمنٹ کو پیش کر سکے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق انہوں نے یہ بات یورپی پارلیمنٹ میں انسانی حقوق کی کمیٹی کی چیئرپرسن ماریا ایرینا، یورپی پارلیمنٹ میں خارجہ تعلقات کمیٹی کے رکن برن ہارڈ زیمنیوک اور فرانس سے یورپی پارلیمنٹ کی رکن ورجینی جورون سے برسلز میں ملاقات کے دوران کہی۔
آزاد جموں و کشمیر کے صدر نے کہا کہ یورپی پارلیمنٹ کو انٹرا کشمیر ڈائیلاگ کا اہتمام اور بھارت اور پاکستان کے درمیان مذاکرات شروع کرانے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںو کشمیر میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال یورپی یونین کی فوری توجہ کی متقاضی ہے۔