کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں کی طرف سے جمعہ کو یوم سیاہ منانے کی اپیل
سرینگر 03اگست (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں نے کشمیری عوام سے5اگست کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کی اپیل کی ہے کہ تاکہ دنیا کو یہ واضح پیغام دیاجاسکے کہ وہ جموں وکشمیر میں بھارت کے غیر قانونی اقدامات کو قبول نہیں کرتے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماء میر واعظ عمر فاروق نے جو 4اگست2019سے مسلسل گھر میں نظربند ہیں سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ کشمیریوں سے 5اگست بروز جمعہ کو یوم سیاہ منانے کی اپیل کی ۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام اپنے ناتابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول تک اپنی جدوجہد آزادی جاری رکھنے گے۔ انہوںنے کہاکہ بھارت طاقت کے وحشیانہ استعمال کے ذریعے کشمیریوںکو انکا ناقابل تنسیخ حق حاصل کرنے سے روک نہیں سکتا۔ 05اگست 2019کوانسانیت کے دشمن نریندر مودی کی قیادت میں آر ایس ایس کی حمایت یافتہ فسطائی بھارتی حکومت نے کشمیریوں کے سیاسی، سماجی، مذہبی اور دیگر بنیادی حقوق سلب کر کے جموںوکشمیر کو ایک بڑی جیل میں تبدیل کردیاتھا۔میرواعظ نے کہاکہ 5اگست کے مودی حکومت کے یکطرفہ اقدامات جموں و کشمیر کی منفرد شناخت، ثقافت، آبادی اور بنیادی حقوق پر حملہ ہے۔انہوں نے دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ جمعہ کو بھارتی جارحیت کے خلاف احتجاجی مظاہرے کریں اور دنیا کی توجہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کی حالت زار کی طرف مبذول کرائیں۔
ادھرکل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں غلام محمد خان سوری، ہلال احمد وار اور عبدالصمد انقلابی نے اپنے الگ الگ بیانات میں جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کو کشمیریوں کے ساتھ بھارت کی غداری اوروعدہ خلافی قرار دیاہے۔ انہوں نے افسوس ظاہر کیا کہ دنیا کی مجرمانہ خاموشی کی وجہ سے بھارت کو کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخ کا حوصلہ ملا ہے جوکہ عالمی قوانین کی واضح خلاف ورزی ہے ۔ حریت رہنمائوںنے 5اگست کو جموں وکشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن قراردیتے ہوئے کہاکہ مودی حکومت نے حقیر سیاسی مقاصد کے لیے کشمیر کی خصوصی حیثیت کو منسوخ کر کے کشمیریت انسانیت اور جمہوریت کو داغدار کردیا ہے ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں راجہ خادم حسین اور سید سبط شبیر قمی نے سرینگر میں جاری ایک مشترکہ بیان میں کہاہے کہ اسلامی سال کے پہلے مہینے محرم الحرام میں نواسہ رسول ۖ کی عظیم قربانی نہ صرف کشمیر بلکہ دنیا بھر کے تمام محکوم، لاچار، بے بس و مظلوم اقوام کیلئے ایک مشعل راہ ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ بیگناہ کشمیریوں کا خون ایک دن ضرور رنگ لائے گا اوربھارت کو ایک دن مقبوضہ کشمیر میں ضرورشکست فاش ہو گی ۔