مقبوضہ جموں وکشمیرمیں پاکستان کے حق میں پوسٹرز چسپاں،بینرز آویزاں
سرینگر13اگست(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں پاکستان کے یوم آزادی سے ایک دن قبل وادی کشمیر میں پاکستان کے حق میں پوسٹرزچسپاں اور بینرزآویزاں کئے گئے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوجیوں اورپولیس اہلکاروںکی بھاری تعداد میں تعیناتی اور نگرانی کے لئے کیمروں کی تنصیب کے باوجود سرینگر، سوپور، بڈگام، اسلام آباد اور دیگر علاقوں میں پوسٹراوربینرزآویزاں کئے گئے ہیں جن پر” 14اگست یوم آزادی مبارک” اور”ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے”جیسے نعرے درج تھے۔پاکستانی پرچم والے پوسٹر ستونوں، بجلی کے کھمبوں اور دیواروں پر چسپاں کیے گئے ہیں جن پر کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ، میر واعظ عمر فاروق، محمد یاسین ملک، آسیہ اندرابی، مشتاق الاسلام اور دیگر نظر بند کشمیری رہنمائوں کی تصاویر لگی ہیں۔ پوسٹروں میں جموں و کشمیر کی جلد آزادی اور پاکستان کا حصہ بننے کے لئے دعا کی گئی ہے۔پوسٹروں میں بھارت کے یوم آزادی کو کشمیریوں کے لیے یوم سیاہ قراردیاگیاہے۔کشمیر کے لوگوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم کھڑے ہیں،چاہے بھارت ہمارے ساتھ کچھ بھی کرے۔ ہم بھارت کے غیر قانونی قبضے، دفعہ370اور 35Aکی منسوخی کو کبھی تسلیم نہیں کریں گے۔