اتراکھنڈ : اونچی ذات کے سسرالیوں نے دلت داماد کو قتل کر دیا
نئی دہلی03 ستمبر (کے ایم ایس)بھارتی ریاست اتراکھنڈ کے ضلع الموڑہ میں اونچی ذات سے تعلق رکھنے والے سسرالیوں نے دلت برداری سے تعلق رکھنے والے اپنے داما د کو قتل کر دیا۔
سالٹ سب ڈویڑن کی تحصیلدار نشا رانی نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ پنوادھوخان گاو¿ں سے تعلق رکھنے والے دلت سیاسی کارکن جگدیش چندر جمعہ کو بھکیاسین قصبے میں ایک کار میں مردہ پائے گئے۔انہوں بتایا کہ دلت شخص کی بیوی کی ماں، اس کے سوتیلے باپ اور سوتیلے بھائی کو لاش کو ٹھکانے لگانے کے لیے گاڑی میں لے جاتے ہوئے پکڑا گیا اور انہیں فوری طور پر گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جوڑے کی شادی 21 اگست کو ہوئی تھی اور سسرالیوں نے چندرا کو جمعرات کو اغوا کر لیا تھا۔
نشا رانی نے کہا کہ چندر کے جسم پر 25 زخم تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ اسے کسی کند آلے سے قتل کیا گیا ۔
چندرا نے2021 میں سالٹ اسمبلی حلقے سے اتراکھنڈ پریورتن پارٹی کے امیدوار کے طور پر ضمنی انتخاب میں حصہ لیا تھا۔ انہوں نے رواں برس فروری میں ہونے والے ریاستی اسمبلی انتخابات میں بھی حصہ لیا تھا لیکن وہ دونوں مرتبہ ہار گئے تھے۔
اتراکھنڈ پریورتن پارٹی کے رہنما پی سی تیواری نے کہا کہ جوڑے نے 27 اگست کو انتظامیہ کو خط لکھا تھا جس میں انہوں نے اپنی جان کو درپیش خطرے کا خدشہ ظاہر کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ اگر انتظامیہ جوڑے کی شکایت پر کارروائی کرتی تو چندرا کو بچایا جا سکتا تھا۔
تیواری نے قتل کو شرمناک قرار دیتے ہوئے مقتول کی بیوی کے لیے ایک کروڑ روپے کے معاوضے کا مطالبہ کیا۔