مودی حکومت بھارت کو نقصان پہنچارہی ہے :ممتا بنرجی
کلکتہ 21 جولائی (کے ایم ایس)
بھارتی ریاست مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا ہے کہ مودی کی سربراہی میں بی جے پی حکومت پورے بھارت کو نقصان پہنچارہی ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ممتا بنرجی نے کلکتہ میں پارٹی کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مودی حکومت انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ اور سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن جیسے تحقیقاتی اداروںکو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ صدارتی انتخاب سے قبل سیاسی جماعتوں کے لیڈروں کو خوف زدہ کرنے کیلئے ان تحقیقاتی اداروںکا کھلم کھلا استعمال کیا گیا ہے۔ممتا بنرجی نے کہا کہ مودی حکومت کی نظر میں کسی سیاست دان یا سیاسی جماعت کی کوئی عزت نہیں ہے اور وہ اس کا واحد مقصد ہر قیمت پر اقتدار کا حصول ہے ۔ انہوں نے مودی حکومت کوچیلنج دیا کہ آئندہ عام انتخاب میں بی جے پی کو اکثریت نہیں ملے گی ۔انہوں نے کہا کہ اگر اپوزیشن متحد ہوجائے تو بی جے پی کی شکست یقینی ہے۔ ممتابنرجی نے بنگال کے عوام سے اپیل کی کہ وہ بی جے پی کو ہرانے کیلئے متحد ہوجائیں ۔