مقبوضہ جموں وکشمیرمیں بی جے پی کا امن کا دعویٰ محض ایک دھوکہ ہے: کانگریس رہنما
سرینگر21ستمبر(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کانگریس نے علاقے میں امن قائم ہونے اور حالات معمول پر آنے کا جھوٹا دعویٰ کرنے پر بھارتیہ جنتا پارٹی کی زیر قیادت بھارتی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق یہ بات کانگریس ورکنگ کمیٹی کے رکن طارق حمید قرہ نے سرینگر میں پارٹی ہیڈکوارٹر پر منعقدہ پارٹی کے منتخب اراکین کے ایک غیر معمولی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئی کہی۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف بی جے پی حکومت مقبوضہ جموں وکشمیرمیںحالات معمول پر آنے کا دعویٰ کر تی ہے اور جب انتخابات کی بات آتی ہے تو یہی دعویٰ کرنے والے یہ کہہ کراپنی خفت مٹانے کی کوشش کرتے ہیں کہ حالات معمول پر آنے کے بعد انتخابات مناسب وقت پر ہوں گے۔ اس طرح وہ اس بات کو تسلیم کرتے ہیں کہ حالات معمول پر آنا ابھی باقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر کوئی سمجھتا ہے کہ ان کا دعویٰ محض ایک فریب ہے ۔ طارق حمید قرہ نے کشمیری علمائے دین، پھلوں کے کاشتکاروں اور احتجاجی ملازمین کو ہراساں اورگرفتارکرنے ، مذہبی اقلیتوں میں عدم تحفظ کے بڑھتے ہوئے احساس اور بے روزگار نوجوانوں میں بڑھتی ہوئی مایوسی جیسے مسائل کو بھی اجاگر کیا۔