بھارت :منی پور میں مسلح افراد نے دو اشخاص کو گولیاں مارکر زخمی کردیا
امپھال: بھارت کی شورش زدہ ریاست منی پور میں پرتشدد کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے اورتازہ ترین واقعے میں نامعلوم مسلح افراد نے دو افراد کو گولیاں مار کر زخمی کر دیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ضلع امپھال میں مسلح افراد نے دولوگوں کی ٹانگوں میں گولیاںماردیں۔پولیس نے بتایاکہ حملہ آوروں نے 55سالہ تاخیلچنگ بام ہیمنتا اور 56سالہ ینگکھوم کیشو کو ہینگانگ پولیس اسٹیشن کے علاقے میں دریائے کونگبا کے کنارے پر نشانہ بنایا۔ حملہ آور جائے وقوعہ پر پہنچے ، گولیاں چلائیں اور علاقے سے فرار ہوگئے۔مقامی باشندوں نے جو موقع پر موجود تھے، زخمیوں کو امپھال کے جواہر لال نہرو انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز منتقل کیا۔ ایک اورواقعے میں گزشتہ رات مسلح افراد نے ضلع کاکچنگ میںواباگئی روڈ پر پنچایت دفتر کے قریب دو مہاجرین 18سالہ سنالال کمار اور17سالہ دشارت کمار کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ حملے کے وقت مقتولین چند دیگر افراد کے ہمراہ سائیکلوں پر سوار تھے۔
دریں اثناء بھارتی پولیس نے ان واقعات کے سلسلے میں آزادی پسند کنگلیپک کمیونسٹ پارٹی(پیپلز وار گروپ)کے آٹھ کارکنوں کو گرفتار کر لیا ہے۔