بھارت اسرائیلی طرز پر کشمیر کی معیشت کو کچل رہا ہے : محبوبہ مفتی
سرینگر 27ستمبر (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے سرینگر جموں ہائی وے پر پھلوں سے لدے ٹرکوں کو روکنے پرشدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت اسرائیلی طرز پر کشمیر کی معیشت کو کچل رہا ہے ۔
محبوبہ مفتی نے شوپیاں کے علاقے اگلرمیں پھلوں کے کاشتکاروں سے ملاقات کے دوران سوال کیاکہ پھلوں کے کاشتکاروں نے بہتر فصل کیلئے قرضے اٹھار کھے ہیں اور جب ان کی فصل جسے کشمیر کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے کو ہائی وے پر روک دیا جائے گا، تو کاشتکار اپنے قرضے کیسے ادا کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کشمیریوں کو دہشت زدہ کررہا ہے اور کشمیر کی معیشت کوتباہ کرنے کے درپے ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کشمیرمیں وہی کچھ دوہرا رہی ہے جو اسرائیل نے فلسطینیوں کے ساتھ ان کی معیشت کو کچلنے کے لیے کیاہے ۔ محبوبہ مفتی سوال کیاکہ پھلوں سے لدے ٹرک جموں سے سرینگر پہنچنے میں ایک دن اور وادی کشمیر سے باہر جانے میں چار دن کا عرصہ کیوں لگتا ہے ۔ انہوں نے ہائی وے پر ٹرکوں کو آگے جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ بھارتی حکومت کی طرف سے عام طور پر باغبانی اور زراعت پر مبنی کشمیر کی معیشت کو کمزور کرنے کی پالیسی کا حصہ ہے جسے ہم ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔