کشمیری عوام کو تقسیم کرنے کی مذموم کوششیں کی جاری ہیں،فاروق عبداللہ
جموں 06اکتوبر (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس کے صدر فارو ق عبداللہ نے کہاہے کہ کشمیری عوام کو مذہبی، علاقائی اورلسانی بنیادوں پر تقسیم کرنے کی مذموم کوششیں کی جاری ہیں ۔
فاروق عبداللہ نے کشتواڑ میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ کے اس اہم موڑ پر اگر ہم نے اتحاد واتفاق کو فروغ نہ دیا اور اپنے حقوق کی بحالی کیلئے جدوجہد نہ کی تو آئندہ نسلیں ہمیں ہرگز معاف نہیں کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ نوجوان نسل کے بہتر مستقبل کیلئے ایک پرامن اور تعمیر وترقی پر مبنی ماحول کیلئے ہم اتحادو اتفاق کا مظاہرہ کریں اور اپنے حقوق کی بحالی کیلئے جدوجہد کریں۔ فاروق عبداللہ نے کہا کہ کشمیری عوام کو تقسیم کرنے کیلئے جو مذموم منصوبے اپنائے جارہے ہیں وہ انتہائی تشویشناک ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں صدیوں سے جاری اتحادواتفاق، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کو پارہ پارہ کرنے کی ایک بد ترین سازش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے کشمیری عوام کو مذہب وملت اور رنگ و نسل سے بالاتر ہو کر فرقہ پرست اور سازشی عناصر کے مذموم عزائم کو خاک ملانے کے لئے متحدہونے کی ضرورت ہے۔فاروق عبداللہ نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کشمیری عوام کے جمہوری اور آئینی حقوق کی بحالی کیلئے جدوجہد کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت جموں و کشمیر کو بد ترین اقتصادی بحران کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ چیلنجوں کا مقابلہ صرف اور صرف اتحاد واتفاق کے ذریعے ہی کیا جاسکتا ہے ۔