حیدر آباد:ہندو انتہاپسندوں نے قطب شاہی مسجد میں گھس ہو کر وہاں بت رکھ دیے
لکھنو 18اکتوبر (کے ایم ایس)
بھارتی ریاست تلنگانہ کے شہرحیدر آباد میں ہندو انتہاپسندپوجا کیلئے تاریخی مسجد قطب شاہی میں زبردستی داخل ہو گئے ۔انہوں نے مسجد میں توڑ پھوڑ کی جس کے بعد علاقے کے حالات کشیدہ ہیں ۔
حیدر آباد کے علاقے رائدوگرام میں میں ہندو انتہاپسندوں نے سانحہ بابری مسجد کو دہراتے ہوئے قطب شاہی مسجد میں زبردستی داخل ہو کر ایک بت وہاں رکھ دیا ۔تقریبا 150ہندوانتہاپسندوں کا ایک گروپ پوجا کیلئے مسجد کی حفاظتی دیوار توڑ کر اندر داخل ہو گیا جس کے بعد سے علاقے کے حالات کشیدہ ہیں ۔ پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے ۔
ادھر حیدر آباد میں مسلمانوں نے ہندو انتہاپسندوں کی اس گھنائونی کارروائی کے شدیدغم و غصے کا اظہار کیا جس سے ان کے مذہبی جذبات بری طرح مجروح ہوئے ہیں۔واقعہ کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے رکن اسمبلی کوثر محی الدین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ قطب شاہی مسجد میں ہندو انتہاپسندوں کی طرف سے بتوں کی پوجاکرنے سے مسلمانوں کے جذبات بری طرح مجروح ہو ئے ہیں ۔ کانگریس پارٹی کے قائدین نے بھی اس واقعے پر شدیدردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ ہندو انتہاپسندوں نے حیدر آباد میں سانحہ بابری مسجد دہرانے کی کوشش کی ہے ۔ پروفیسر اشوک سوین نے ایک ٹویٹ میں کہاکہ جنوبی ہندوستان میں سانحہ بابری مسجد دوہرایاگیا !حیدرآباد میں، ہندو انتہاپسند وں نے قطب شاہی مسجد میں زبردستی داخل ہوکر وہاں بت نصب کر دیا ۔