پنڈت نوجوان کا اپنی برادری کو مودی حکومت کے مذموم ایجنڈے سے ہوشیار رہنے پرزور
سرینگر 18اکتوبر (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ایک پنڈت نوجوان نے مقبوضہ علاقے میں شراب کی فروخت کی اجازت کے خلاف مظاہرے میں حصہ لیتے ہوئے کشمیری پنڈتوں پرزوردیا ہے کہ وہ مودی حکومت کے فرقہ پرست ایجنڈے سے ہوشیار رہیں۔
سرینگر میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگوکرتے ہوئے پنڈت نوجوان نے کہا کہ مسلم کمیونٹی پنڈت بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور انہیں اکثریتی برادری سے کوئی خوف نہیں ہے کیونکہ وہ میڈیا سے آزادانہ بات کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنڈتوں کو الگ کالونیوں میں رکھنا پنڈت کمیونٹی کے مفاد میں نہیں ہے ۔ انہوں نے پنڈتوں سے کہاکہ وہ مودی حکومت کی طرف سے اپنی آنکھوں پر باندھی گئی پٹی کو ہٹا دیں۔پنڈت نوجوانوں نے کہا کہ پنڈتوں کو الگ کالونیوں تک محدود کرکے مودی حکومت مسلمانوں اور پنڈتوں کے درمیان فرقہ وارانہ تقسیم پیدا کرناچاہتی ہے ۔نوجوانوں نے انکشاف کیا کہ مودی حکومت کشمیری پنڈتوں کے نام نہاد قتل کے حوالے سے فلم کشمیر فائل کا ایک اور ورژن لانچ کرے گی۔ انہوں نے پنڈت برادری پر زور دیا کہ وہ اس سازش سے ہوشیار رہیں۔