مقبوضہ جموں و کشمیر

مستحکم پاکستان تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کا ضامن ہے: حریت رہنما

molvi bashir-1سرینگر22مارچ (کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکریٹری مولوی بشیر احمد عرفانی نے کہا ہے کہ مضبوط اور مستحکم پاکستان ہی کشمیریوں کی جاری تحریک آزادی کی کامیابی کا ضامن ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مولوی بشیراحمد عرفانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں پاکستان کے عوام اور حکومت کو 23مارچ کے قومی دن کے موقع پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلام کا قلعہ اور پوری امت مسلمہ کی امیدوں کا مرکز ہے۔انہوں نے اسلام آباد میں او آئی سی کی وزرائے خارجہ کونسل کے 48ویں اجلاس کے انعقاد کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے خوش آئند قدم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم کشمیری عوام کی جانب سے پاکستان کی قیادت اور عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس وقت پورے عالم اسلام کی نظریں پاکستان پر لگی ہوئی ہیں اور امت مسلمہ کو امید ہے کہ او آئی سی کانفرنس کشمیر اور فلسطین کے مظلوم عوام کی آواز بنے گی۔
دریں اثناء حریت رہنما بشیر احمد بٹ نے سرینگر میں ایک بیان میں حق خودارادیت کے حصول کے لئے کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کی دوٹوک حمایت کرنے پر او آئی سی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اسلام آباد میں او آئی سی کے وزرائے خارجہ کونسل کے 48ویں اجلاس میں تنظیم کے سیکرٹری جنرل اور دیگر شرکا ء کی طرف سے بھارت کی بدترین ریاستی دہشت گردی کا سامنا کرنے والے مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرنے کا خیرمقدم کیا۔بشیراحمد بٹ نے او آئی سی کانفرنس سے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے خطاب کی تعریف کی جس میں انہوں نے مسئلہ کشمیر کو بھرپورانداز میں اٹھایا۔انہوں نے یوم پاکستان کے موقع پر پاکستانی قوم کو مبارکباد بھی دی اور ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کا خواب اسی وقت پورا ہو گا جب کشمیر بھارت کی غلامی سے آزاد ہو گا اورپاکستان کے ساتھ اس کا الحاق ہو گا۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button