نعیم خان کی کشمیریوں سے27اکتوبر کو یوم سیاہ منانے کی اپیل
شہدائے بجبہاڑہ کو ان کی برسی پر شاندار خراج عقیدت
سرینگر22اکتوبر(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر نظربندکل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما نعیم احمد خان نے کشمیریوں سے 27اکتوبر کو یوم سیاہ منانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر پر بھارتی فوج کا حملہ بھارت کی نوآبادیاتی تاریخ کا سب سے خوفناک واقعہ ہے جس نے خطے کو عدم استحکام اور تشدد کی طرف دھکیل دیاہے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق نعیم احمد خان نے نئی دہلی کی تہاڑ جیل سے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ 27اکتوبر جموں و کشمیر پر بھارت کے ناجائز قبضے کا آغازتھا ۔انہوں نے کہاکہ بھارت نے 1947 میںاسی دن کشمیریوں کے سیاسی اور جمہوری حقوق کو پامال کرتے ہوئے رات کے اندھیرے میں اپنی فوجیں سرینگر میں اتاریں۔انہوں نے کہا کہ بھارت اپنی غیر قانونی کارروائی کو قانونی جواز فراہم کرنے کے لئے مہاراجہ کی الحاق کی ایک جعلی دستاویز پر انحصارکررہا ہے جس پر دستخط کرنے کااس کو کوئی اختیارہی نہیں تھا۔انہوں نے کہاکہ برطانوی مورخ الیسٹر لیمب نے اپنی کتاب میں ثابت کیا ہے کہ الحاق کی دستاویزجعلی ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کے طول و عرض میں تعینات9لاکھ سے زائد بھارتی فوجی کشمیریوں کو بے دردی سے نشانہ بنا رہے ہیں اورگزشتہ تین دہائیوں کے دوران ایک لاکھ سے زائد کشمیریوں کو شہید کیا جاچکا ہے۔حریت رہنما نے بھارتی حکومت پر زور دیا کہ وہ ہٹ دھرمی پر مبنی پالیسی کو ترک کرے اور تنازعہ کشمیر کے منصفانہ اورپائیدار حل کے لیے بات چیت کا راستہ اختیارکرے۔
دریں اثناء نعیم احمد خان نے شہدائے بجبہاڑہ کو ان کے یومِ شہادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ شہدا ء کی لازوال قربانیوںکی بدولت تنازعہ کشمیر بین الاقوامی سطح پرمرکز نگاہ بن چکاہے۔بھارتی فوجیوں نے22اکتوبر 1993کو سرینگر میں درگاہ حضرت بل کے محاصرے کے خلاف ضلع اسلام آباد کے علاقے بجبہاڑہ میں احتجاج کرنے والے پرامن مظاہرین پر فائرنگ کرکے 50سے زائد بے گناہ کشمیریوں کو شہید کردیا تھا۔