مقبوضہ کشمیر: سرکاری ملازمین کی جبری برطرفی کی شدید مذمت
اسلام آباد 16 اگست (کے ایم ایس)
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کی طرف سے تحریک آزادی کشمیر سے وابستگی کی وجہ سے چار کشمیری سرکاری ملازمین کو انکی نوکریوں سے برطرف کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمود احمد ساغر نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میںکہاکہ مودی حکومت نے کشمیریوں کے خلاف سیاسی انتقام کی اپنی پالیسی جاری رکھتے ہوئے جاری تحریک آزادی سے وابستگی کی وجہ سے مزید چار سرکاری ملازمین کو انکی ملازمتوں سے برطرف کر دیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ برطرف کئے گئے ملازمین میں حریت رہنماء فاروق احمد ڈار جو نئی دلی کی تہاڑ جیل میں قید ہیں کی اہلیہ کے علاوہ سید عبدالمعید، ڈاکٹرمحب احمد بٹ اور ماجد حسن قادری شامل ہیں جنہیں بالترتیب جموں و کشمیر ایڈمنسٹریٹو سروسز آفیسربرائے دیہی ترقی ، منیجرانفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹ آف انڈسٹریز اینڈ کامرس، کشمیر یونیورسٹی کے سائنٹسٹ اور سینئر اسسٹنٹ پروفیسر کے عہدے سے برطرف کیاگیا ہے ۔
واضح رہے کہ مودی حکومت نے مقبوضہ علاقے میں اب تک درجنوں کشمیری سرکاری ملازمین کو بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے جاری جدوجہد آزادی کی حمایت کے الزام میں برطرف کر دیا ہے۔