مقبوضہ جموں و کشمیر

کشمیری شہداء کے مشن کو ہر قیمت پر پایہ ء تکمیل تک پہنچایا جائے گا

459db056-a8d0-458e-b1bb-b502754e0dc0شہدائے بیج بہاڑہ کو شاندار خراج عقیدت
سرینگر22 اکتوبر (کے ایم ایس) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ کشمیری شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا اور بھارتی غلامی سے آزادی کے انکے مشن کو ہر قیمت پر پایہ ء تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظربند سینئر رہنما نعیم احمد خان نے نئی دہلی کی تہاڑ جیل سے ایک پیغام میں بیج بہاڑہ قتل عام کے شہدا ء کو ان کی 29ویں برسی کے موقع پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری شہداء کی عظیم قربانیوں نے تنازعہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر توجہ کا مرکز بنا دیا ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے دیگر رہنماؤں اور تنظیموں مولوی بشیر عرفانی، سید بشیر اندرابی، غلام محمد خان سوپوری، عبدالاحد پرہ، ڈاکٹر مصعب، جموں و کشمیر پیپلز لیگ اور جموں و کشمیر حریت فرنٹ نے سری نگر میں اپنے بیانات میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس پر زور دیا کہ وہ بھارتی فوجیوں کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں بیگناہ لوگوں کے قتل اور انسانی حقوق کی دیگر سنگین خلاف ورزیوں کے لیے بھارت کو جوابدہ ٹھہرائیں۔
بھارتی پیرا ملٹری بارڈر سیکورٹی فورس کے اہلکاروں نے 1993 میں آج ہی کے دن ضلع اسلام آباد کے علاقے بیج بہاڑہ میں پر امن مظاہرین پر اندھا دھند فائرنگ کر کے 50سے زائد بے گناہ کشمیری شہید کر دیے تھے۔ یہ مظاہرہ بھارتی فوجیوں کی طرف سے سرینگر کی درگاہ حضرت بل کے محاصرے کے خلاف کیا جا رہا تھا۔
دریں اثنا، دہلی کے زیر کنٹرول”سٹیٹ انویسٹی گیشن ایجنسی ”(ایس آئی اے )نے آج سری نگر، بارہمولہ اور شوپیاں علاقوں میں متعدد مقامات پر چھاپے مارے۔ ایس آئی اے کے اہلکاروں نے بھارتی پولیس اور پیرا ملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے اہلکاروں کے ہمراہ چھاپوں کے دوران مکینوںکو ہراساں کیا اور انکے موبائل فون، لیپ ٹاپ اور اہم دستاویزات چھین کر لے گئے۔
مقبوضہ علاقے کی ہائی کورٹ نے پانچ افراد کی کالے قانون” پبلک سیفٹی ایکٹ ”کے تحت غیر قانونی حراست کو کالعدم قرار دیتے ہوئے قابض حکام کو انہیں فوری رہا کرنے کی ہدایت کی ۔
جموںخطے کے ضلع پونچھ کے علاقے چکرارا منڈی میں بھارتی پولیس کا ایک اہلکار گزشتہ رات غسل خانے میں پھسلنے کے باعث ہلاک ہو گیا۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button