مودی حکومت نے کشمیریوں سے زندہ رہنے سمیت تمام حقوق چھین لئے ہیں
اسلام آباد 05 اکتوبر (کے ایم ایس)
مودی کی فسطائی بھارتی حکومت نے کشمیریوں سے زندہ رہنے کے حق سمیت ان کے تمام حقوق چھین لئے ہیں جو کہ انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں کیلئے انتہائی تشویش کا باعث ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کی جانب سے جاری کی گئی ایک تجزیاتی رپورٹ کے مطابق ایمنسٹی انٹرنیشنل اور ہیومن رائٹس واچ سمیت انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیمیں مسلسل اپنی رپورٹوں میں بھارتی قابض فورسز کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں جاری انسانی حقوق کی منظم اورسنگین پامالیوں پربھارت کو خبردار کرتی رہی ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ کشمیریوں کی زندگیاں،عزت و آبر واور آزادیاں ظالم بھارتی فوجیوں کے رحم و کرم پر ہیں جو کشمیریوں کوان کے تمام بنیادی حقوق سے محروم رکھ کربین الاقوامی قوانین اور معاہدوں کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ بھارتی فوجی مقبوضہ علاقے میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائیوں کے دوران ماورائے عدالت قتل ، جبری نظربندیاں، دوران حراست گمشدگیوں اور جعلی مقابلوں میں قتل جیسی انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں میں ملوث ہیں ۔ مقبوضہ کشمیر میں پرتشدد فوجی کارروائیوں کے دوران خواتین اور بچوں کو بھی نہیں بخشا جاتا ۔ رپورٹ کے مطابق اگست 2019میں مودی حکومت کی طرف سے دفعہ 370کی منسوخی کے بعد سے مقبوضہ علاقے میں انسانی حقو ق کی پامالیوں میںخطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے ۔رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ قابض فورسز نے کشمیریوںکی زندگیوں کو جہنم بنا دیا ہے جبکہ آر آر ایس ایس کی حمایت یافتہ بھارتی حکومت جموں وکشمیر پر اپنے فوجی تسط کو طول دینے کیلئے ہر غیر جمہوری ہتھکنڈہ استعمال کر رہی ہے جس سے جنوبی ایشیائی میںامن و سلامتی کوسنگین خطرہ لاحق ہے۔رپورٹ میں اقوام متحدہ پر زور دیا گیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کا نوٹس لے۔