مانچسٹر میں کشمیر اور فلسطین کے حق میں ریلی کا اہتمام
لندن 05 اکتوبر (کے ایم ایس) مانچسٹر میں کنزرویٹو پارٹی کی سالانہ کانفرنس کے پہلے دن لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے کشمیر اور فلسطین کے حق میں ایک ریلی نکالی۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ریلی وائٹ ورتھ پارک سے شروع ہوئی اور شہر سے گزرتی ہوئی مانچسٹر سنٹرل کنونشن سینٹر پر اختتام پذیر ہوگئی۔ مظاہرین نے ”بھارت کو مسلح کرنا بند کرو“ ،”اسرائیل کو مسلح کرنا بند کرو“ اور ”کشمیر اور فلسطین میں قتل عام بند کرو“ کے نعرے لگائے ۔انہوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر” کشمیر سے فلسطین تک قبضہ جرم ہے“ اور ”کشمیر پر بھارتی قبضہ ختم کرو“ جیسے نعرے درج تھے۔ کشمیر کے حامیوں نے ہزاروں پمفلٹ تقسیم کیے جن کا عنوان ہے ”کشمیربھارتی محاصرے میں:عالمی ضمیر پر دستک دے رہا ہے“۔ برطانوی رکن پارلیمنٹ افضل خان نے مارچ میں شرکت کی اور مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔تحریک کشمیر برطانیہ کے صدرفہیم کیانی نے اس موقع پر کہا کہ یہ مسئلہ کشمیر اٹھانے اور کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کو ہزاروں لوگوں کے سامنے بے نقاب کرنے کا بہترین موقع ہے۔ انہوں نے کہاکہ تمام طبقوں اور نسلوں سے تعلق رکھنے والے برطانوی لوگ ہمارے پاس آئے اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔فہیم کیانی نے برطانیہ پر زور دیا کہ وہ انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ممالک کے ساتھ کوئی تجارتی معاہدہ نہ کرنے کی اپنی پالیسی کی پاسداری کرے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت نے 1989 سے اب تک ایک لاکھ سے زائد کشمیریوں کو شہید کیا ہے اور 10 ہزار سے زائد خواتین کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ شرکاءنے وزیر اعظم بورس جانسن پر زور دیا کہ وہ بھارت کے ساتھ تمام تجارتی معاہدے ختم کریں۔برمنگھم ٹریڈ یونین کونسل کے صدرایان سکاٹ نے کہا کہ بھارت اسلحہ درآمد کرنے والا دنیا کا دوسرا سب سے بڑا ملک ہے۔ انہوںنے دنیا سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کو ہتھیاروں کی فروخت بند کرے۔خواجہ محمد سلیمان ، سٹورٹ رچرڈسن ، مفتی فضل احمد قادری ، چوہدری محمد فاروق ، بشیر رتوی اور فرید الدین لودھی نے بھی مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کی مذمت کی۔