کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماﺅں کا مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر اظہار تشویش
سرینگر10 دسمبر (کے ایم ایس) بھارت کے غیر قانونی زیرقبضہ جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماوں نے بھارتی فوجیوں کی طرف سے کشمیریوں کی حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کو دبانے کے لیے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماو¿ں نے انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر اپنے بیانات اور پیغامات میں کہا کہ آج پوری دنیا انسانی حقوق کا دن منا رہی ہے لیکن کشمیر کے محصور عوام کو بھارت کی طرف سے بدترین سامراجیت کا سامنا ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما غلام احمد گلزار نے سری نگر میں ایک بیان میں کہا کہ انسانی حقوق کا عالمی دن مظلوم کشمیریوں کے لیے کوئی معنی نہیں رکھتا کیونکہ وہ اقوام متحدہ کے چارٹر میں در ج تمام بنیادی حقوق اور آزادیوں سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کا دن منانا کشمیریوں کے رستے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے کیونکہ اقوام متحدہ نے ان کے حقوق کی بحالی کے لیے کوئی مخلصانہ کوشش نہیں کی اور وہ ظلم و جبر کا مسلسل شکار ہیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ 10 لاکھ سے زائد خونخوار بھارتی فوجی مقبوضہ جموںوکشمیر میں انسانیت کے خلاف گھناو¿نے جرائم کا ارتکاب کر رہے ہیں تاکہ کشمیریوں کو غیر قانونی بھارتی قبضہ تسلیم کرنے پر مجبور کیا جا سکے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظر بند رہنما مولوی بشیر احمد عرفانی نے جیل سے اپنے پیغام میں کہا کہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں نہ صرف دل دہلا دینے والی ہیں بلکہ اقوام متحدہ کے چارٹر کی کھلی خلاف ورزی بھی ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ جموںوکشمیرمیں بھارتی ریاستی دہشت گردی کا نوٹس لیں اور کشمیریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے نظر بند رہنما نعیم احمد خان نے نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے اپنے پیغام میں کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر دنیا کا واحد خطہ ہے جہاں بدترین بھارتی ظلم و جبر کی وجہ سے پوری آبادی تمام انسانی حقوق سے محروم ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقے کی سنگین صورتحال اقوام متحدہ سمیت تمام بین الاقوامی اداروں اور دنیا کے طاقتور ملکوں کی توجہ کا متقاضی ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما ایڈووکیٹ دیویندر سنگھ بہل نے جموں میں جاری ایک بیان میں عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارتی فوجیوں کی طرف سے مقبوضہ جموںو کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں کا نوٹس لے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی طرف سے کشمیریوں کے حق خود ارادیت سے مسلسل انکار انسانی حقوق کی سب سے بڑی خلاف ورزی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ بھارت کی ہٹ دھرمی تنازعہ کشمیر کے پرامن حل میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماو¿ں چوہدری شاہین اقبال، غلام نبی وار، حکیم عبدالرشید اور محمد عاقب نے ایک مشترکہ بیان میں مقبوضہ جموںوکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ بیگناہ کشمیریوں پر بھارتی مظالم کا سنجیدگی سے نوٹس لے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماو¿ں خادم حسین اور سید سبط شبیر قمی نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ نریندر مودی کی زیر قیادت فسطائی بھارتی حکومت مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کے عالمی اعلامیے کی دھجیاں اڑا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجیوں نے 5 اگست 2019 کے بعد سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیے ہیں جب نریندر مودی کی فاشسٹ بھارتی حکومت نے مقبوضہ علاقے کی خصوصی حیثیت منسوخی کر دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اس سنگین صورتحال میں اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ بھارت کو مقبوضہ علاقے میں انسانیت کے خلاف جرائم کا جوابدہ ٹھہرائے اور تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کے لیے اس پر دباو¿ ڈالے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما، جاوید احمد میر نے اپنے بیان میں افسوس کا اظہار کیا کہ دنیا بھر میں انسانی حقوق کے علمبرداروں نے بھارتی فوجیوں کی طرف سے گزشتہ سات دہائیوں سے مقبوضہ علاقے میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ آگے آئے اور کشمیریوں کو بھارتی مظالم سے بچائے۔
مقبوضہ جموں وکشمیر کی ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے ترجمان غلام نبی شاہین نے سرینگر میں اپنے ایک بیان میں کہا کہ علاقے میں انسانی حقوق کی صورتحال سنگین ہے اورعام لوگوں کے ساتھ ساتھ انسانی حقوق کے محافظوں، وکلاءاور صحافیوں کو بھی بدترین بھارتی ریاستی دہشت گردی کا سامنا ہے۔
دریں اثناءکل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے رہنماو¿ں محمد سلطان بٹ، زاہد اشرف، گلشن احمد، قاضی محمد عمران، خالد وانی اور پاسبان حریت کے چیئرمین عزیر احمد غزالی نے اپنے بیانات میں دنیا سے اپیل کی ہے کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر کے مظلوم عوام کی حالت زار کا نوٹس لے جنہیں بھارت نے تمام بنیادی حقوق اور آزادیوں سے محروم کر رکھا ہے۔ انہوں نے انسانی حقوق اور انسانی وقار کی بالادستی پر یقین رکھنے والی دنیا بھر کی اقوام، تنظیموں اور لوگوں سے اپیل کی کہ وہ حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد میں کشمیریوں کاساتھ دیں۔