بھارت مقبوضہ کشمیر کی مسلم اکثریتی شناخت کو تبدیل کرنے کے درپے ہے، انقلابی
سرینگر06اکتوبر (کے ایم ایس )
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں اسلامی تنظیم آزادی جموں وکشمیر کے چیئرمین عبدالصمد انقلابی نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ علاقے کی مسلم اکثریتی شناخت کو تبدیل کرنے کے درپے ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق عبدالصمد انقلابی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں مقبوضہ علاقے میں بھارتی فورسز کی طر ف سے جاری ظلم وتشدد ، قتل و غارت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت جموں وکشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی ہر ممکن اور ہر سطح پر کوششیں کر رہا ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ کشمیری حریت پسند عوام بھارت کو اس کے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔انہوں نے کہاکہ بھارت کا یہ اقدام اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔انہوں نے بھارتی فورسز کی طرف سے نہتے کشمیریوں خصوصا نوجوانوں کے جعلی مقابلوں میں ماورائے عدالت قتل پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کشمیر یوں کی نسل کشیُ جاری رکھے ہوئے ہے۔ عبدالصمد انقلابی نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں پر زور دیاکہ وہ مقبوضہ کشمیر کی جغرافیائی حیثیت اور آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے بھارتی حکومت کے اقدامات اور مقبوضہ علاقے میں نہتے کشمیریوں کے قتل عام کا سخت نوٹس لیں اور تنازعہ کشمیرکو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرانے کیلئے اپنا اہم کردار ادا کریں۔