فاروق عبداللہ کی طرف سے کشمیریوں پر اتحاد و اتفاق کو فروغ دینے پر زور
سرینگر17 جنوری (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ فسطائی بھارتی حکومت روزاول سے ہی جموں و کشمیر کے عوام کو تقسیم کرنے کے درپے رہی ہے اور موجودہ دور میں ان مذموم کوششوں میں تیزی آئی ہے ۔
فاروق عبداللہ نے سرینگر میں پارٹی ہیڈ کوارٹر میں مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مودی حکومت کی ان مذموم کوششوں کو ناکام بنانے کیلئے کشمیریوں کو اپنی صفوں میں بلا لحاظ مذہب و ملت ، رنگ و نسل اور زبان کے اتحاد و اتفاق کو مزید فروغ دینا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کی شناخت،وحدت اور ہم آہنگی کو قائم و دائم رکھنا ہمارے لئے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے اوراس لئے ضروری ہے کہ ہم سب متحد اور منظم ہوجائیں اور اپنے حقوق کی جدوجہد میں ثابت قدم اور پرعزم ہوکر ڈٹے رہیں۔فاروق عبداللہ نے مزید کہاکہ فرقوں اور گروپوں میں تقسیم ہو کر ہم کچھ بھی حاصل نہیں کرسکتے ہیں،لہذا اتحاد و اتفاق ہی وہ واحد راستہ ہے جس کے ذریعے ہم اپنی منزل مقصودتک پہنچنے میں کامیاب ہوسکتے ہیں۔