مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی کی شدیدمذمت
اسلام آباد 10 اکتوبر (کے ایم ایس) جموں و کشمیر پیپلز موومنٹ ، جموں و کشمیر پیر پنجال فریڈم موومنٹ اور جموں و کشمیر پیپلز ایسوسی ایشن نے غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی کی شدیدمذمت کی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جموں و کشمیر پیپلز موومنٹ کے وائس چیئرمین عبدالمجید ملک ، جموں و کشمیر پیر پنجال فریڈم موومنٹ کے وائس چیئرمین قاضی عمران اور جموں و کشمیر پیپلز ایسوسی ایشن کے کنوینر خالد شبیر نے اسلام آباد میں جاری ایک مشترکہ بیان میں افسوس کا اظہار کیا کہ بھارتی فوج علاقے میں روزانہ کی بنیاد پربے گناہ لوگوں بالخصوص نوجوانوں کو شہید کر رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت اور مقبوضہ علاقے کی جیلوں میں ہزاروں بے گناہ کشمیری نظربندہیں جنہیں کسی جرم میں سزا نہیں سنائی گئی ہے لیکن پھر بھی وہ جیلوں میں نظربند ہیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ ان کی رہائی میں اپنا کردار ادا کرے۔انہوں نے اقوام متحدہ اور انصاف کے بین الاقوامی اداروں پر زور دیا کہ وہ بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا نوٹس لیں اور مقبوضہ علاقے کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے علاقے میں اپنی ایک ٹیم بھیجیں۔