ایئر انڈیا کے طیارے میں آگ لگ گئی،ابو ظہبی ایئرپورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ
نئی دلی03فروری(کے ایم ایس)
انڈین ائیر لائن ”ایئر انڈیا ایکسپریس ”کے طیارے میں دوران پرواز آگ لگنے سے طیارے نے ابوظہبی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی ہے۔
ائیر انڈیا ایکسپریس کے ابوظہبی سے کیرالہ آنے والے طیارے میں جس میں 184 مسافر سوار تھے، دوران پرواز انجن میں آگ بھڑ ک اٹھی اور اسے ابو ظہبی ائیر پورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑی ۔ اطلاعات کے مطابق دوران پرواز طیارے کے انجن میں تکنیکی خرابی کے باعث آگ بھڑک اٹھی ۔ آگ دیکھتے ہی طیارے کے پائلٹ نے ابوظہبی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی۔ ایئرلائن کے مطابق تمام مسافر محفوظ ہیں اور آگ لگنے کی وجوہات کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ایئر انڈیا ایکسپریس کے مطابق ٹیک آف کرنے اور ایک ہزار فٹ کی بلندی حاصل کرنے کے بعد پائلٹ کو انجن میں آگ لگنے کا پتہ چلا۔ اس کے بعد پائلٹ نے ابوظہبی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کا فیصلہ کیا۔
واضح رہے کہ بھارت میں مختلف ائیر لائنز کی پروازوں کی ایمرجنسی لینڈنگ اور مسافروں سے بدسلوکی کی خبریں مسلسل موصول ہو رہی ہیں۔ ابھی چنددن قبل لکھنو سے کولکتہ جانے والی ایئر ایشیا کی پرواز نے پرندہ ٹکرانے کے بعد ہنگامی لینڈنگ کی گئی تھی۔ فلائٹ میں 180مسافر موجود تھے۔ائیر انڈیا ایکسپریس کی ہی پرواز نے ستمبر میں آگ لگنے کی وجہ سے مسقط میں جبکہ ائیر لائنز اسپائس جیٹ کی پرواز نے جولائی میں کراچی ائیر پورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی تھی ۔مسقط یں ایمرجنسی لینڈنگ کرنے والی پرواز کے 14مسافر آگ لگنے کی وجہ سے جھلس گئے تھے ۔