گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں ”کشمیر اور بھارتی استعماری حکمت عملی“ کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد
لاہور 10 فروری (کے ایم ایس) گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کی کشمیر سوسائٹی نے ”کشمیر اور بھارتی استعماری حکمت عملی“ کے عنوان سے ایک سیمینار کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر جموں وکشمیر پر بھارتی ناجائز قبضے اور مقبوضہ علاقے میں زندگی کی تلخ حقیقت پیش کرنے کے لیے ایک خصوصی ڈرامہ بھی پیش کیا گیا۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اصغر زیدی نے سیمینار کی صدارت کی ۔ سیمینار سے دیگر کے علاوہ ڈاکٹر سید مجاہد گیلانی اور نامور اداکار عذرا آفتاب نے بھی خطاب کیا۔
ڈاکٹر سید مجاہد گیلانی نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارت کی طرف سے نافذ کی گئی غیر قانونی اقتصادی پالیسیوں اور ان کے مقامی آبادی پر پڑنے والے اثرات کے بارے میں بتایا۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیر پرقبضہ جما رکھا ہے اور ایک قابض کے کسی بھی اقدام کی کوئی آئینی و قانونی حیثیت نہیں ہے۔
اداکارہ عذرا آفتاب نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں زندگی کی تلخ حقیقت کو پیش کرنے کے لیے ایسے مزید ڈرامے بنانے کی ضرورت ہے۔
وائس چانسلر پروفیسر زیدی نے مقبوضہ جموںوکشمیر میں جی20 کانفرنس کے انعقاد کے مودی حکومت کے منصوبوں کی مذمت کی اور کشمیریوں کی حالت زار کے بارے میں بیداری پیدا کرنے میں کشمیر سوسائٹی کے کام کو سراہا۔
قبل ازیں گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کشمیر سوسائٹی کے صدر چوہدری کیہان اعجاز نے تقریب کا آغاز ایک پریزنٹیشن سے کیا جس میں شرکاکو تنازعہ کشمیر کے بارے میں شعور بیدار کرنے کے حوالے سے طلباءکے کردار کے بارے میں بتایا گیا۔