مقبوضہ جموں وکشمیر: ایک اور کشمیری کی جائیداد ضبط
سری نگر: نریندر مودی کی زیر قیادت بی جے پی کی ہندو تو ا بھارتی حکومت نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں ایک اور کشمیری کی جائیداد ضبط کر لی ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق بدنام زمانہ بھارتی تحقیقاتی ادارے نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی ( این آئی اے ) نے سرینگر کے علاقے ذالڈگر میں شہری منظور احمد لانگو کی جائیداد غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون ”یو اے پی اے“ کے تحت ضبط کر لی۔ منظور احمد کے بیٹے عادل منظور کو بھی بھارتی انتظامیہ نے حراست میں لے رکھا ہے ۔
مودی حکومت نے اگست 2019میں جموںوکشمیرکی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد کشمیریوں کی جائیداروں کی ضبطی کی مذموم مہم تیز کر دی ہے۔اس اقدام کا مقصد کشمیریوں کو بھارتی قبضے کو چیلنج کرنے پر سزا دینا ، انہیں اپنے ہی وطن میں اجنبی بنانا اور ضبط کی جانے والی جائیدادیں غیر کشمیریوں کودیکر مقبوضہ علاقے میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنا ہے۔