مقبوضہ جموں وکشمیر :حریت کارکن کے انتقال پر اظہار تعزیت
سرینگر12 اگست (کے ایم ایس)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی (ڈی ایف پی) نے ضلع اسلام آباد کی نئی بستی کے رہائشی حریت کارکن ماسٹر شیخ غلام محی الدین کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ شیخ غلام محی الدین گزشتہ روز انتقال کر گئے تھے۔
ڈی ایف پی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں ماسٹر شیخ غلام محی الدین کی جاری جدوجہد آزادی میں خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ وہ بزرگ کشمیری حریت رہنما سید علی گیلانی کے قریبی ساتھی اور تحریک حریت کے رکن تھے جبکہ وہ جماعت اسلامی کے رکن بھی تھے۔بیان میں کہا گیا کہ شیخ غلام محی الدین ایک کٹر آزادی پسند اور کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے زبردست حامی تھے۔
دریں اثنا، کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر نے اسلام آباد میں ایک بیان میں سوگوار خاندان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور مرحوم کی روح کے لیے دعا کی۔
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے رہنما سید اعجاز رحمانی نے بھی ماسٹر شیخ غلام محی الدین کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔