کشمیری عوام کل ہندو پجاری کے گستاخانہ بیانات کے خلاف احتجاج کریں گے
سرینگر:
ہندوتوا پجاری یتی نرسنگھا نند کی طرف سے نبی کریم حضرت محمد ۖ کی شان اقدس میں گستاخانہ بیانات کے خلاف کل مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام پر امن مظاہرے کریں گے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس نے مظاہروں کی کال دی ہے ۔ حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کشمیری عوام اورعلمائے کرام پرزوردیا ہے کہ وہ ہندو پجاری کے گستاخی کیخلاف کل نماز جمعہ کے بعد سڑکوں پر نکل کر احتجاج کریں۔ انہوں نے ہندو پجاری کے اشتعال انگیز بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف بھارت بلکہ مقبوضہ کشمیر اوردنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں ۔حریت ترجمان نے بھارت میں اسلامو فوبیا کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر اتحاد کی اہمیت پر زور دیااور اس رجحان کو بی جے پی کی زیر قیادت بھارتی حکومت کے وسیع تر مسلم مخالف ایجنڈے کا حصہ قراردیا۔مقبوضہ کشمیر میں مختلف مقامات پر چسپاں کئے گئے پوسٹروں میں بھی کشمیریوں سے ہندوپجاری کی گستاخی کے خلاف احتجاج میں شامل ہونے کی اپیل کی گئی ہے۔
ادھر جموں و کشمیر پیس فورم کے چیئرمین ایڈوکیٹ دیویندر سنگھ نے جموں سے جاری ایک بیان میں بھارت میں ہندو انتہا پسندوں کی طرف سے پھیلائی جانے والے مذہبی منافرت خصوصاہندو پجاری یتی نرسنگھانند کے گستاخانہ بیان کی شدید مذمت کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی سرپرستی میں ہندو انتہا پسندوں کی کارروائیوں کی وجہ سے بھارت میں کوئی بھی اقلیتی برادری محفوظ نہیں ۔