پاکستان مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر آواز اٹھاتا رہے گا، ترجمان دفتر خارجہ
اسلام آباد02مارچ(کے ایم ایس )
دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کے غیرقانونی زیر تسلط جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف اپنی آواز اٹھاتا رہے گا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ممتاز زہرہ بلوچ نے جمعرات کو ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہاکہ گزشتہ ماہ بھارتی فوجیوں نے مقبوضہ کشمیرمیں حراست کے دوران 5 کشمیریوں کو شہید کیاجبکہ 4ہزار سے زائد کشمیری بھارت اورمقبوضہ کشمیر کی مختلف جیلوں میں بدستور نظر بند ہیں۔انہوں نے کہاکہ بھارتی فورسز کی جانب سے پرامن مظاہرین پر طاقت کے وحشیانہ استعمال سے 7کشمیری نوجوان زخمی ہوئے جبکہ 115کو گرفتار کرلیا گیا ۔ گزشتہ ماہ مقبوضہ وادی میں 193نام نہاد محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں کی گئیں جو قابض افواج کے لیے کشمیریوں کو ڈرانے اور ہراساں کرنے کا ایک ذریعہ بنی ہوئی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ4ہزار سے زائد کشمیری سیاسی رہنما، کارکن، نوجوان، طلبا اور انسانی حقوق کے محافظ بھارت اور مقبوضہ کشمیر کی مختلف جیلوں میں بدستور نظر بند ہیں۔ انہیں اپنے حقوق اور آزادی کے لیے ان کی بہادرانہ جدوجہد پرنشانہ بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کے زیرغیرقانونی زیر تسلط جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف آواز اٹھاتا رہے گا۔ ہم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر تنازعہ کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔ممتاز ہرہ بلوچ نے کہا کہ وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر نے جنیوا میں منعقدہ تخفیف اسلحہ کانفرنس کے اعلی سطحی اجلاس میں شرکت کی اور بھارت کے غیرقانونی زیر تسلط جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال پر عالمی برادری کی توجہ مبذول کرائی۔انہوںنے کہاکہ حنا ربانی کھر نے مقبوضہ علاقے میں کشمیریوں کے انسانی حقوق کے تحفظ کامطالبہ کیا اور انسانی حقوق کے ہائی کمشنر پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال سے متعلق اپنی تازہ ترین رپورٹ پیش کریں اور کونسل کو اس بارے میں آگاہ کریں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہاکہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری 8 مارچ کو منعقد ہونے والی کانفرنس میں شرکت کیلئے نیویارک کا دورہ کریں گے۔