پاکستان

مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی ظلم و بربریت ہندوتوا نظریے اور پالیسی کا تسلسل ہے ،آرمی چیف

اسلام آباد:پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی ظلم و بربریت ہندوتوا نظریے اور پالیسی کا تسلسل ہے ، انتہا پسندانہ بھارتی نظریے کی وجہ سے امریکا ،برطانیہ اور کینیڈا میں بھی اقلیتیں محفوظ نہیں ہیں۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق جنرل سید عاصم منیر نے اسلام آباد میں مارگلہ ڈائیلاگ 2024کی خصوصی تقریب سے اپنے خطاب میں کہا کہ تنازعہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل ناگزیر ہے۔انہوںنے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ غزہ اور لبنان میں جنگ بندی کا مطالبہ کیا اور ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام پر زور دیا ہے ۔
پاک فوج کے سربراہ نے کہا کہ دنیا کو اس وقت کئی چیلنجز کا سامنا ہے ، ایک اہم چیلنج غلط اور گمراہ کن معلومات کا تیزی سے پھیلاﺅ ہے،متشدد غیر ریاستی عناصر اور ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی بھی ایک بڑا عالمی چیلنج ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہمارا عزم غیر متزلزل ہے ۔ انہوںنے کہا کہ دہشتگرد ی عالمی سطح پر تمام انسانیت کے لیے ایک مشترکہ چیلنج ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر معیشت ،افواج اور ٹیکنالوجی میں بے انتہا تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں، ٹیکنالوجی نے معلومات کے پھیلاﺅ میں اہم کردار ادا کیا ہے ، نفرت انگیز بیانات سیاسی اورسماجی ڈھانچے کو غیر مستحکم کررہے ہیں اور قواعد وضوابط کے بغیر آزادی اظہار رائے معاشروں کیلئے نقصان کاباعث بن رہی ہے۔آرمی چیف نے کہا کہ عالمی سطح پر مذہبی، فرقہ وارانہ اور نسلی بنیادوں پر تقسیم بڑھ رہی ہے،عدم مساوات ،عدم برداشت سے دنیا میں تقسیم بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث منفی اثرات بھی ایک چیلنج ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عالمی امن کی خاطر2لاکھ 35ہزار پاکستانی یواین امن مشن میں کردار ادا کرچکے ہیں جبکہ یواین امن مشن میںاب تک 181 پاکستانیوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان 24کروڑ عوام کا ملک ہے ،یہاں کی لگ بھگ 63فیصد آبادی 30سال سے کم عمرافرادکی ہے ،پاکستان بے پناہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے اور زراعت کی پیداوار کے حوالے سے بڑا ملک بن کر ابھرا ہے ،پاکستان میں نادر معدنیات کے بڑے ذخائر موجود ہیں۔ پاک فوج کے سربراہ نے مزید کہا کہ پاکستان خطے اور عالمی امن کیلئے اپنا مثبت کردار ہمیشہ ادا کرتا رہے گا۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button