مودی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں اپنے مظالم میں تیزی لائی ہے، کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ
اسلام آباد 02مارچ ( کے ایم ایس )کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر جموں وکشمیر شاخ نے کہا ہے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں قابض بھارتی فوجیوں نے اپنے مظالم میں تیزی لائی ہے اور وہ محاصرے اور تلاشی کی نام نہاد کارروائیوں کے دوران بیگناہ نوجوانوں کو بے دریغ قتل کر رہے ہیں۔
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں کشمیر کے کنوینر محمود احمد ساغر، جنرل سیکرٹری شیخ عبدلمتین اور سیکرٹری اطلاعات امتیاز وانی نے آج اسلام آباد میں جاری ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ نریندر مودی کی فسطائی بھارتی حکومت نے مقبوضہ جموںوکشمیر میں اپنی ریاستی دہشت گردی میں تیزی لائی ہے۔
انہوں نے بھارتی فوجیوں کی زیر حراست ضلع کپواڑہ کے علاقے کنن پوشپورہ کے رہائشی نوجوان عبدالرشید ڈار کے قتل پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فورسز نے مقبوضہ علاقے کے اطراف و اکناف میں دہشت گردی کا راج قائم کر رکھا ہے اور قابض اہلکار علاقے میں انسانیت کے خلاف سنگین جرائم کا ارتکاب کر رہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ قابض بھارتی فوجیوں کیطرف سے بیگناہ کشمیری نوجوانوں کا اغوااور قتل روز کا معمول بن چکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نہتے کشمیریوں پر بے انتہا مظالم کے ذریعے انکے جذبہ آزادی کو ہرگز متزلزل نہیں کرسکتا۔ انہوں نے بدنام زمانہ بھارتی تحقیقاتی ادارے نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) کی طرف سے ممتاز آزادی پسند رہنما مشتاق احمد زرگر کے آبائی گھر کو ضبط کرنے کی بھی مذمت کی ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے رہنماﺅں نے کہا کہ بھارت کی بہتری اسی میں ہے کہ وہ جموںو کشمیرکے بارے میں اپنی ظالمانہ پالیسی ترک کرے اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دے کر تنازعہ کشمیر حل کرے۔