مقبوضہ جموں و کشمیر

سرینگر:انجمن اوقاف کا میر واعظ عمر فاروق کی مسلسل نظر بند ی پر اظہار تشویش

 

سرینگر17مارچ(کے ایم ایس)
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر نے تنظیم کے سربراہ میر واعظ عمر فاروق کی مسلسل غیر قانونی نظر بندی پرسخت تشویش کااظہار کیا ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق میر واعظ 5اگست 2019 سے سرینگر میں گھر میں نظر بند ہیں جب نریندر مودی کی فسطائی بھارتی حکومت نے مقبوضہ جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر دی تھی۔انجمن اوقات جامع مسجدنے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ میر واعظ کی مسلسل نظربندی کی وجہ سے گزشتہ ساڑھے تین سال سے زائد عرصے سے مرکزی جامع مسجد سرینگر کے منبر ومحراب خاموش ہیں جو کہ ایک لمحہ فکریہ ہے۔انجمن نے قابض انتظامیہ کے اس طرز عمل کوانتہائی آمرانہ ، افسوسناک اور قابل مذمت قرار دیتے ہوئے اسے مسلمانوں کے دینی امور میں مداخلت قراردیا ہے ۔ بیان میں زور دیکر کہاگیا ہے کہ رمضان المبارک کا مہینہ جوں جوں قریب آرہا ہے کشمیری عوام کو امید ہے کہ ان کے ہردلعزیز قائد اورمیر واعظ کشمیر پر بلا جواز قدغنوں اور پابندیوں کا سلسلہ ختم کیاجائے گا اورانہیں اپنی پر امن دینی اور سیاسی ذمہ داریاں ادا کرنے دی جائیں گی ۔ انجمن نے افسوس ظاہر کیاکہ آج مسلسل 186 واں جمعتہ المبارک کو بھی میر واعظ کو نہ صرف نماز جمعہ بلکہ منصبی ذمہ داریوں قال اللہ وقال الرسول ۖ کی ادائیگی سے روک کرکشمیری عوام کے مذہبی جذبات کو مجروح کیا گیا جس سے ان میں بے چینی اور اضطراب میں اضافہ ہو رہا ہے۔انجمن نے امید ظاہر کی کہ رمضان المبارک کے آغاز میں محض چند دن رہ گئے ہیں تو میرواعظ کی غیر مشروط رہائی کو یقینی بنا کر کشمیری عوام کے جذبات و احساسات کا خیال رکھا جائیگا۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button