کرناٹک:الیکشن سے قبل بی جے پی کے سابق نائب وزیر اعلیٰ پارٹی رکنیت سے مستعفیٰ
بیلگاوی،کرناٹک12اپریل (کے ایم ایس )
بھارتی ریاست کرناٹک میں اسمبلی انتخابات کے اعلان کے ساتھ ہی بھارتیہ جنتاپارٹی کے سابق نائب وزیر اعلیٰ ،پارٹی کے قانون ساز کونسل کے رکن اور بیلگاوی ضلع کے بااثر لیڈرلکشمن سنگاپا ساوڑی پارٹی کی بنیادی رکنیت سے مستعفیٰ ہو نے کااعلان کیا ہے ۔
لکشمن سنگاپا ساوڑی نے بی جے پی کی طرف سے انہیں اٹھانی حلقہ سے ٹکٹ دینے سے انکار کے بعد پارٹی کی رکنیت سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا ہے ۔مستعفی ہونے کے اعلان کے بعد اب بی جے پی نے مہیش کوماتلی کو ٹکٹ دیدیاہے۔صحافیوں سے بات کرتے ہوئے لکشمن ساوڑی نے کہا کہ حلقہ اٹھانی کے عوام ان کے لیے ہائی کمان ہیں اور انہیں اپنے ووٹروں کے سامنے جھکنا ہے۔ انہوں نے کہا کیا مجھے ٹکٹ کے لیے بھیک مانگنی پڑے گی؟ میں پارٹی کی بنیادی رکنیت اور ایم ایل سی کے عہدے سے بھی استعفیٰ دے رہا ہوں۔انہوں نے مزیدکہاکہ وہ جمعرات کی شام کو سیاست اور الیکشن لڑنے کے بارے میں اپنے فیصلے کا اعلان کریں گے۔