کشمیری اقوام متحدہ کی قراردادپر عملدرآمد کا مطالبہ کررہے ہیں، ڈاکٹر فائی
واشنگٹن ڈی سی 12 اگست (کے ایم ایس) ورلڈ کشمیر اویئرنس فورم (ڈبلیو کے اے ایف) کے جنرل سیکرٹری جنرل ڈاکٹر غلام نبی فائی نے کہا ہے کہ کشمیری اقوام متحدہ کی 13 اگست 1948 کی قرارداد پر عمل درآمد کا مطالبہ کررہے ہیں جس میں ان کے حق خود ارادیت کو تسلیم کیا گیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ڈاکٹر غلام نبی فائی نے واشنگٹن میں جاری ایک بیان میں کہا کہ جموں و کشمیر، امریکہ اور دنیا بھر میں کشمیری 13 اگست 1948 کو اقوام متحدہ کے کمیشن برائے بھارت اور پاکستان (یو این سی آئی پی) کی قرار داد کی 75 ویں سالگرہ منائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس قرارداد میں کہا گیا ہے کہ حکومت بھارت اور حکومت پاکستان اپنی خواہش کا اعادہ کرتے ہیں کہ ریاست جموں و کشمیر کے مستقبل کی حیثیت کا تعین عوام کی مرضی کے مطابق کیا جائے۔
ڈاکٹر فائی نے کہا کہ سلامتی کونسل کے ارکان نے یہ قرارداد متفقہ طور پر منظور کی تھی جس پر پر وہ خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ تاہم اب ان قراردادوں پر عملدرآمد کروانے کے حوالے سے اقوام متحدہ کی عدم توجہی سے بھارت کو کشمیریوں کو فوجی طاقت کے بل پر مسلسل دبائے رکھنے کی شہ مل رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے صرف 1990 سے ایک لاکھ سے زائد کشمیریوں کو شہید کیا ہے ، کشمیری نو لاکھ سے زائد بھارتی فورسز اہلکاروں کے مظالم برداشت کر رہے ہیں ۔ ڈاکٹر فائی نے کہا کہ اگر چہ عالمی برادری جموں وکشمیر پر بھارتی قبضے کو غلط سمجھتی ہے لیکن کشمیریوں کو انکا حق، حق خود ارادیت دلانے کے لیے بھارت پر دباﺅ نہیں ڈال رہی ۔ ڈاکٹر فائی نے کہا کہ تنازعہ کشمیر دونوں پڑوسی ملکوں کے درمیان جوہری تصادم کی بنیادی وجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دیے بغیرجنوبی ایشیا میں دیر پا امن و استحکام ہرگز ممکن نہیں۔انہوں نے بائیڈن انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور دیرپا حل کیلئے کردار ادا کرے ۔ ڈاکٹر فائی نے کہا کہ امریکہ ایسا کر کے منصفانہ عالمی نظام کے اصولوں کو مضبوط کر سکتا ہے۔